Naat Academy Naat Academy
Get App WhatsApp
Hamd

Tumhara naam musibat mein jab liya hoga

تمھارا نام مصیبت میں جب لیا ہو گا

Writer Maulana Hasan Raza Khan 26058 WhatsApp
Urdu Kalam
مطلع
تمہارا نام مصیبت میں جب لیا ہوگا
ہمارا بگڑا ہوا کام بن گیا ہوگا
گناہگار پہ جب لطف آپ کا ہوگا
کیا بغیر کیا بے کیا کیا ہوگا
خدا کا لطف ہوا ہوگا دست گیر ضرور
جو گرتے گرتے ترا نام لے لیا ہوگا
دکھائی جائے گی محشر میں شانِ محبوبی
کہ آپ ہی کی خوشی آپ کا کہا ہوگا
خدائے پاک کی چاہیں گے اَگلے پچھلے خوشی
خدائے پاک خوشی اُن کی چاہتا ہوگا
کسی کے پاؤں کی بیڑی یہ کاٹتے ہونگے
کوئی اَسیر غم ان کو پکارتا ہوگا
کسی طرف سے صدا آئے گی حضور آؤ
نہیں تو دَم میں غریبوں کا فیصلہ ہوگا
کسی کے پلہ پہ یہ ہوں گے وقت وَزنِ عمل
کوئی اُمید سے مونھ ان کا تک رہا ہوگا
کوئی کہے گا دُہائی ہے یَا رَسُوْلَ اللہ
تو کوئی تھام کے دامن مچل گیا ہوگا
کسی کو لے کے چلیں گے فرشتے سوئے جحیم
وہ اُن کا راستہ پھر پھر کے دیکھتا ہوگا
شکستہ پا ہوں مِرے حال کی خبر کر دو
کوئی کسی سے یہ رو رو کے کہہ رہا ہوگا
خدا کے واسطے جلد ان سے عرض حال کرو
کسے خبر ہے کہ دَم بھر میں ہائے کیا ہو گا
پکڑ کے ہاتھ کوئی حالِ دل سنائے گا
تو رو کے قدموں سے کوئی لپٹ گیا ہوگا
زبان سوکھی دکھا کر کوئی لب کوثر
جنابِ پاک کے قدموں پہ گر گیا ہوگا
نشانِ خسروِ دِیں دُور کے غلاموں کو
لوائے حمد کا پرچم بتا رہا ہوگا
کوئی قریب ترازو کوئی لبِ کوثر
کوئی صراط پر ان کو پکارتا ہوگا
یہ بے قرار کرے گی صدا غریبوں کی
مقدس آنکھوں سے تار اَشک کا بندھا ہو گا
وہ پاک دل کہ نہیں جس کو اپنا اَندیشہ
ہجومِ فکر و تردُّد میں گھر گیا ہوگا
ہزار جان فدا نرم نرم پاؤں سے
پکار سن کے اَسیروں کی دوڑتا ہوگا
عزیز بچہ کو ماں جس طرح تلاش کرے
خدا گواہ یہی حال آپ کا ہوگا
خدائی بھر انہیں ہاتھوں کو دیکھتی ہوگی
زمانہ بھر انہیں قدموں پہ لوٹتا ہوگا
بنی ہے دَم پہ دُہائی ہے تاج والے کی
یہ غل یہ شور یہ ہنگامہ جا بجا ہوگا
مقام فاصلوں پر کام مختلف اتنے
وہ دن ظہورِ کمالِ حضور کا ہوگا
کہیں گے اور نبی اِذْ ھَبُوْا اِلٰی غَیْرِیْ
مرے حضور کے لب پر اَنَا لَھَا ہوگا
دُعائے امت بدکار وِردِ لب ہوگی
خدا کے سامنے سجدہ میں سر جھکا ہوگا
غلام ان کی عنایت سے چین میں ہونگے
عدو حضور کا آفت میں مبتلا ہوگا
مقطع
میں ان کے در کا بھکاری ہوں فضل مولیٰ سے
حسنؔ فقیر کا جنت میں بسترا ہوگا

Kalam Details

Bahr Bahr-e-Ramal Musamman Mahzuf
Radif ا
Total Ashaar 27
Total Misra 54
Writer Maulana Hasan Raza Khan
Book Zauq-e-Naat