Hamd
Na mayoos ho mere dukh dard wale
نہ ہو مایوس میرے دکھ درد والے
Urdu Kalam
مطلع
نہ مایوس ہو میرے دُکھ دَرد والے
درِ شہ پہ آ ہر مرض کی دَوا لے
جو بیمارِ غم لے رہا ہو سنبھالے
وہ چاہے تو دَم بھر میں اس کو سنبھالے
نہ کر اس طرح اے دِلِ زار نالے
وہ ہیں سب کی فریاد کے سننے والے
کوئی دَم میں اب ڈوبتا ہے سفینہ
خدارا خبر میری اے ناخدا لے
سفر کر خیالِ رُخِ شہ میں اے جاں
مسافر نکل جا اُجالے اُجالے
تہی دست و سودائے بازارِ محشر
مری لاج رکھ لے مرے تاج والے
زہے شوکت آستانِ ُمعلی
یہاں سر جھکاتے ہیں سب تاج والے
سوا تیرے اے ناخدائے غریباں
وہ ہے کون جو ڈُوبتوں کو نکالے
یہی عرض کرتے ہیں شیرانِ عالم
کہ تو اپنے کتوں کا کتا بنالے
جسے اپنی مشکل ہو آسان کرنی
فقیرانِ طیبہ سے آکر دعا لے
خدا کا کرم دستگیری کو آئے
تیرا نام لے لیں اگر گرنے والے
دَرِ شہ پر اے دِل مرادیں ملیں گی
یہاں بیٹھ کر ہاتھ سب سے اُٹھالے
گھرا ہوں میں عصیاں کی تاریکیوں میں
خبر میری اے میرے بدرالدجیٰ لے
فقیروں کو ملتا ہے بے مانگے سب کچھ
یہاں جانتے ہی نہیں ٹالے بالے
لگائے ہیں پیوند کپڑوں میں اپنے
اُڑھائے فقیروں کو تم نے دوشالے
مٹا کفر کو دِین چمکا دے اپنا
بنیں مسجدیں ٹوٹ جائیں شوالے
جو پیشِ َصنم سر جھکاتے تھے اپنے
بنے تیری رحمت سے اللہ والے
مقطع
نگاہے زِ چشمِ کرم بر َحسنؔ ُکن
َ بکویَت رَسیدست آشفتہ حالے
Kalam Details
Bahr
Bahr-e-Mutaqarib
Radif
ے
Total Ashaar
18
Total Misra
36
Writer
Maulana Hasan Raza Khan
Book
Zauq-e-Naat