Naat Academy Naat Academy
Get App WhatsApp
Hamd

Agar chamka muqaddar khak-e-pa-e-rah-rawan ho kar

اگر چمکا مقدر خاک پائے رہرواں ہو کر

Writer Maulana Hasan Raza Khan 28834 WhatsApp
Urdu Kalam
مطلع
اگر چمکا مقدر خاک پائے رہرواں ہو کر
چلیں گے بیٹھتے اُٹھتے غبارِ کارواں ہو کر
شب معراج وہ دم بھر میں پلٹے لا مکاں ہو کر
بہارِ ہشت جنت دیکھ کر ہفت آسماں ہو کر
چمن کی سیر سے جلتا ہے جی طیبہ کی فرقت میں
مجھے گلزار کا سبزہ رُلاتا ہے دُھواں ہو کر
تصور اس لب جاں بخش کا کس شان سے آیا
دلوں کا چین ہو کر جان کا آرامِ جاں ہو کر
کریں تعظیم میری سنگِ اَسود کی طرح مومن
تمہارے در پہ رہ جاؤں جو سنگِ آستاں ہو کر
دکھا دے اے خدا گلزارِ طیبہ کا سماں مجھ کو
پھروں کب تک پریشاں بلبل بے آشیاں ہو کر
ہوئے یمن قدم سے فرش و عرش و لامکاں زندہ
خلاصہ یہ کہ سرکار آئے ہیں جانِ جہاں ہو کر
ترے دست عطا نے دولتیں دیں دل کئے ٹھنڈے
کہیں گوہر فشاں ہو کر کہیں آبِ رَواں ہو کر
فدا ہو جائے امت اس حمایت اس محبت پر
ہزاروں غم لئے ہیں ایک دل پر شادماں ہو کر
جو رکھتے ہیں سلاطیں شاہی ٔجاوید کی خواہش
نشاں قائم کریں ان کی گلی میں بے نشاں ہو کر
وہ جس رہ سے گزرتے ہیں بسی رہتی ہے مدت تک
نصیب اس گھر کے جس گھر میں وہ ٹھہریں میہماں ہو کر
مقطع
حسنؔ کیوں پاؤں توڑے بیٹھے ہو طیبہ کا رستہ لو
زمینِ ہند سرگرداں رکھے گی آسماں ہو کر

Kalam Details

Bahr Bahr-e-Hazaj Musamman Salim
Radif ر
Total Ashaar 12
Total Misra 24
Writer Maulana Hasan Raza Khan
Book Zauq-e-Naat
Category Hamd
Topics Madina