Manqabat
Yeh kis shahenshah-e-wala ki aamad aamad hai
یہ کس شہنشہِ والا کی آمَد آمَد ہے
Urdu Kalam
مطلع
یہ کس شہنشہِ والا کی آمَد آمَد ہے
یہ کون سے شہِ بالا کی آمَد آمَد ہے
یہ آج تارے زمیں کی طرف ہیں کیوں مائل
یہ آسمان سے پیہم ہے نور کیوں نازِل
یہ آج کیا ہے زمانے نے رنگ بدلا ہے
یہ آج کیا ہے کہ عالم کا ڈَھنگ بدلا ہے
یہ آج کاہے کی شادی ہے عرش کیوں جھوما
لبِ زمین کو لبِ آسماں نے کیوں چوما
سماوا ڈوبا ہوا اور ساوا خشک ہوا
خزاں کا دَور گیا موسمِ بہار آیا
یہ آج کیا ہے کہ بت اَوندھے ہوگئے سارے
یہ آج کیوں ہیں شیاطیں بندھے ہوئے سارے
یہ اَنبیا و رُسل کس کے انتظار میں ہیں
یہ آج لات و ہبل کس سے اِنکسار میں ہیں
یہ آج بُشریٰ لَکُمْ کی صدا کا شور ہے کیوں
یہ مرحبا کی نداؤں میں آج زَور ہے کیوں
کہا جواب میں ہاتف نے لو مبارک ہو
اُٹھو خدا کے حبیب آئے مژدہ ہو تم کو
وہ آئے آنے کی جن کے خبر تھی مدت سے
دعا خلیل کی عیسیٰ کی جو بشارت تھے
بڑھو اَدَب سے کرو عرض اَلسَّلَامُ عَلَیْک
وَ اَھْلِ بَیْتِکَ وَ الْاٰلِ وَ الَّذِیْنَ لَدَیْک
سلام تم پہ خدا کا اور اس کی رحمت ہو
تحیت اس کی ثناء اس کی اس کی نعمت ہو
دُرُود آپ پہ ہر آن بھیجے ربِ وَدُوْد
اور اس کی برکتوں کا روز آپ پر ہو وُرُود
سلام آپ پر نازل کرے صلاۃ و سلام
بلند ذِکر کرے آپ کا ہمیشہ مُدام
مقطع
یہی ہیں جن کو ملائک سلام کرتے ہیں
انہی کی مَدْح و ثنا صبح و شام کرتے ہیں
Kalam Details
Bahr
Bahr-e-Hazaj Musamman Salim
Radif
ے
Total Ashaar
15
Total Misra
30
Writer
Al-Madinat-ul-Ilmiyah
Book
Saman-e-Bakhshish