Naat Academy Naat Academy
Get App WhatsApp
Hamd

Yeh ikram hai mustafa par khuda ka

یہ اکرام ہے مصطفٰے پر خدا کا

Writer Maulana Hasan Raza Khan 26170 WhatsApp
Urdu Kalam
مطلع
یہ اِکرام ہے مصطفیٰ پر خدا کا
کہ سب کچھ خدا کا ہوا مصطفٰی کا
یہ بیٹھا ہے سکہ تمہاری عطا کا
کبھی ہاتھ اُٹھنے نہ پایا گدا کا
چمکتا ہوا چاند غارِ حرا کا
اُجالا ہوا برجِ عرشِ خدا کا
لحد میں عمل ہو نہ دیو بلا کا
جو تعویذ میں نقش ہو نقشِ پا کا
جو بندہ خدا کا وہ بندہ تمہارا
جو بندہ تمہارا وہ بندہ خدا کا
مِرے گیسوؤں والے میں تیرے صدقے
کہ سر پر ہجومِ بلا ہے بلا کا
تِرے زیر پا مسندِ مُلک یزداں
تِرے فرق پر تاج مُلکِ خدا کا
سہارا دیا جب مِرے ناخدا نے
ہوئی ناؤ سیدھی پھرا رُخ ہوا کا
کیا ایسا قادِر قضا و قدر نے
کہ قدرت میں ہے پھیر دینا قضا کا
اگر زیر دیوارِ سرکار بیٹھوں
مِرے سر پہ سایہ ہو فضلِ خدا کا
ادَب سے لیا تاجِ شاہی نے سر پر
یہ پایا ہے سرکار کے نقشِ پا کا
خدا کرنا ہوتا جو تحت مشیت
خدا ہو کر آتا یہ بندہ خدا کا
اَذاں کیا جہاں دیکھو ایمان والو
پسِ ذِکر حق ذِکر ہے مصطفی کا
کہ پہلے زباں حمد سے پاک ہو لے
تو پھر نام لے وہ حبیب خدا کا
یہ ہے تیرے اِیمائے اَبرو کا صدقہ
ہدف ہے اثر اپنے تیر دعا کا
ترا نام لے کر جو مانگے وہ پائے
ترا نام لیوا ہے پیارا خدا کا
نہ کیونکر ہو اس ہاتھ میں سب خدائی
کہ یہ ہاتھ تو ہاتھ ہے کبریا کا
جو صحرائے طیبہ کا صدقہ نہ ملتا
کھلاتا ہی نہ پھول جھونکا صبا کا
عجب کیا نہیں گر سراپا کا سایہ
سراپا سراپا ہے سایہ خدا کا
خدا مدح خواں ہے خدا مدح خواں ہے
مِرے مصطفٰی کا مِرے مصطفٰی کا
خدا کا وہ طالب خدا اس کا طالب
خدا اس کا پیارا وہ پیارا خدا کا
جہاں ہاتھ پھیلا دے منگتا بھکاری
وہی در ہے داتا کی دولت سرا کا
تِرے رتبہ میں جس نے چون و چرا کی
نہ سمجھا وہ بدبخت رُتبہ خدا کا
تِرے پاؤں نے سر بلندی وہ پائی
بنا تاجِ سر عرشِ ربِّ علا کا
کسی کے جگر میں تو سر پر کسی کے
عجب مرتبہ ہے تِرے نقش پا کا
ترا دَردِ اُلفت جو دِل کی دوا ہو
وہ بے دَرد ہے نام لے جو دَوا کا
تِرے بابِ عالی کے قربان جاؤں
یہ ہے دُوسرا نام عرشِ خدا کا
چلے آؤ مجھ جاں بلب کے کنارے
کہ سب دیکھ لیں پھر کے جانا قضا کا
مقطع
بھلا ہے حسنؔ کا جنابِ رضا سے
بھلا ہو الٰہی جنابِ رضا کا

Kalam Details

Bahr Bahr-e-Mutaqarib Musamman Maqsoor
Radif ا
Total Ashaar 29
Total Misra 58
Writer Maulana Hasan Raza Khan
Book Zauq-e-Naat
Category Hamd Munajat
Topics Madina