Manqabat
Hai rutba is liye kaunain mein ismat ka iffat ka
ہے رتبہ اس لیے کونین میں عصمت کا عفت کا
Urdu Kalam
مطلع
ہے رتبہ اس لیے کونین میں عصمت کا عفت کا
شرف حاصل ہے ان کو دامنِ زہرہ سے نسبت کا
جو جانا خلد میں ہوپائے زہرہ سے لپٹ جاؤ
جسے کہتے ہیں جنت ملک ہے خاتون جنت کا
نبی کے دل کی راحت اور علی کے گھر کی زینت ہیں
بیاں کس سے ہو ان کی پاک طینت پاک طلعت کا
انہی کے ماہ پارے دو جہاں کے لاج والے ہیں
یہ ہی ہیں مجمع بحرین سر چشمہ ہدایت کا
رسول اللہ کی جیتی جاگتی تصویر کو دیکھا
کیا ّنظارہ جن آنکھوں نے تفسیرِ نبوت کا
بتول و فاطمہ زہرہ لقب اس واسطے پایا
کہ دنیا میں رہیں اور دیں پتہ جنت کی نگہت کا
نبی کی لاڈلی ، بیوی ولی کی ، ماں شہیدوں کی
یہاں جلوہ نبوت کا ولایت کا شہادت کا
تعالٰی اللہ اس سعد ین کے جوڑے کا کیا کہنا
کہ رحمت کی دلہن زہرہ ، علی دولہا ولایت کا
وہ عترت جو کہ اُمت کے لیے قرآنِ ثانی ہے
نبی کا ہے چمن یعنی شجر اس پاک منبت کا
وہ چادر جس کا آنچل چاند سورج نے نہیں دیکھا
بنے گی حشر میں پردہ گنہگارانِ اُمت کا
مقطع
اگر سالکؔ بھی یارب دعویٰ ٔجنت کرے حق ہے
جو وہ زہرہ کی ہے یہ بھی تو ہے خاتونِ جنت کا
Kalam Details
Bahr
Bahr-e-Hazaj
Radif
ا
Total Ashaar
11
Total Misra
22
Writer
Mufti Ahmad Yar Khan Naeemi
Book
Diwan-e-Salik
Category
Manqabat