Naat Academy Naat Academy
Get App WhatsApp
Hamd

Tere jadd ki hai barhween ghaus-e-azam

تیرے جد کی ہے بارہویں غوث اعظم

Urdu Kalam
مطلع
تیرے جد کی ہے بارہویں غوثِ اعظم
ملی ہے تجھے گیارہویں غوثِ اعظم
کوئی ان کے رُتبہ کو کیا جانتا ہے
محمد کے ہیں جانشیں غوثِ اعظم
تو ہے نور و آئینۂ مصطفائی
نہیں کوئی تجھ سا حسیں غوثِ اعظم
ہوئے اَولیا ذی شرف گرچہ لاکھوں
مگر سب سے ہیں بہتریں غوثِ اعظم
جہاں اَولیا کرتے ہیں جبہ سائی
وہ بغداد کی ہے زمیں غوثِ اعظم
ترے روضۂ پاک کے دیکھنے کو
تڑپتا ہے قلب حزیں غوثِ اعظم
مجھے بھی بلالو خدارا کہ میں بھی
گھسوں آستاں پر جبیں غوثِ اعظم
مرے قلب کا حال کیا پوچھتے ہو
یہ دل ہے مکاں اور مکیں غوثِ اعظم
جو اہل نظر ہیں وہی جانتے ہیں
کہ ہر دم ہیں سب سے قریں غوثِ اعظم
ہماری بھی لِلّٰہِ بگڑی بنا دو
غلاموں کے تم ہو مُعِیں غوثِ اعظم
ہیں گھیرے ہوئے چار جانب سے دشمن
خدارا بچا میرا دِیں غوثِ اعظم
چھپالے مجھے اپنے دامن کے نیچے
کہ غم کی گھٹائیں اُٹھیں غوثِ اعظم
وہ ہے کون سا ان کے در کا بھکاری
مددگار جس کے نہیں غوثِ اعظم
حسین و حسن کی تو آنکھوں کا تارا
وہ خاتم ہیں اور تو نگیں غوثِ اعظم
حکومت تری نافذہ ہے کہ حق نے
تجھے دی ہے فتح مُبِیں غوثِ اعظم
تجھے سب نے جانا تجھے سب نے مانا
تری سب میں دُھومیں مچیں غوثِ اعظم
تو وہ ہے ترے پاک تلوے کے آگے
کھنچی گردنیں جھک گئیں غوثِ اعظم
نہ تھے مطلقاً اَولیا جس سے واقف
تجھے نعمتیں وہ ملیں غوثِ اعظم
تری ذات سے اے شریعت کے حامی
طریقت کی رَمزیں کھلیں غوثِ اعظم
شریعت طریقت کے ہر سلسلے میں
ہیں تیری ہی نہریں بہیں غوثِ اعظم
سلاسل کی سب منزلوں میں ہے پھیلی
تری روشنی بالیقیں غوثِ اعظم
غم و رنج میں نام تیرا لیا جب
تو کلیاں دِلوں کی کھلیں غوثِ اعظم
کرم گر کرو میرے مدفن میں آؤ
تو ہو قبر خلد بریں غوثِ اعظم
الٰہی ترا کلمۂ پاک مجھ کو
سکھائیں دَم واپسیں غوثِ اعظم
مقطع
بسوئے جمیلؔ اَز نگاہِ عنایت
ببیں غوثِ اعظم ببیں غوثِ اعظم

Kalam Details

Bahr Bahr-e-Hazaj Musaddas Mahzoof
Radif م
Total Ashaar 25
Total Misra 50
Writer Maulana Muhammad Jameel-ur-Rehman Razvi
Book Qabala-e-Bakhshish
Category Hamd Manqabat