Hamd
Rang-e-chaman pasand na phoolon ki boo pasand
رنگ چمن پسند نہ پھولوں کی بو پسند
Urdu Kalam
مطلع
رنگ چمن پسند نہ پھولوں کی بو پسند
صحرائے طیبہ ہے دلِ بلبل کو تو پسند
اپنا عزیز وہ ہے جسے تو عزیز ہے
ہم کو ہے وہ پسند جسے آئے تو پسند
مایوس ہو کے سب سے میں آیا ہوں تیرے پاس
اے جان کر لے ٹوٹے ہوئے دل کو تو پسند
ہیں خانہ زاد بندۂ احساں تو کیا عجب
تیری وہ خو ہے کرتے ہیں جس کو عدو پسند
کیونکر نہ چاہیں تیری گلی میں ہوں مٹ کے خاک
دنیا میں آج کس کو نہیں آبرو پسند
ہے خاکسار پر کرمِ خاص کی نظر
عاجز نواز ہے تیری اے خوبرو پسند
قل کہہ کر اپنی بات بھی لب سے تِرے سنی
اللہ کو ہے اتنی تری گفتگو پسند
حور و فرشتہ جن و بشر سب نثار ہیں
ہے دو جہاں میں قبضہ کئے چار سو پسند
ان کے گناہگار کی اُمید عفو کو
پہلے کرے گی آیت لَا تَقْنَطُوْا پسند
طیبہ میں سر جھکاتے ہیں خاکِ نیاز پر
کونین کے بڑے سے بڑے آبرو پسند
مقطع
ہے خواہشِ وصالِ درِ یار اے حسنؔ
آئے نہ کیوں اَثر کو مری آرزو پسند
Kalam Details
Bahr
Bahr-e-Muzari Musamman Akhram
Radif
د
Total Ashaar
11
Total Misra
22
Writer
Maulana Hasan Raza Khan
Book
Zauq-e-Naat