Naat Academy Naat Academy
Get App WhatsApp
Hamd

Koi kya jaane jo tum ho Khuda hi jaane kya tum ho

کوئی کیا جانے جو تم ہو خدا ہی جانے کیا تم ہو

Writer Al-Madinat-ul-Ilmiyah 23283 WhatsApp
Urdu Kalam
مطلع
کوئی کیا جانے جو تم ہو خدا ہی جانے کیا تم ہو
خدا تو کہہ نہیں سکتے مگر شانِ خدا تم ہو
نبیوں میں ہو تم ایسے نبی الانبیا تم ہو
حسینوں میں تم ایسے ہو کہ محبوبِ خدا تم ہو
تمہارا حسن ایسا ہے کہ محبوبِ خدا تم ہو
مہِ کامل کرے کسبِ ضیا وہ مہ لقا تم ہو
علو مرتبت پیارے تمہارا سب پہ روشن ہے
مکینِ لامکاں تم ہو شہِ عرشِ علا تم ہو
تمہاری حمد فرمائی خدا نے اپنے قرآں میں
محمد اور مُمَجَّد مصطفیٰ و مجتبیٰ تم ہو
جو سب سے پچھلا ہو پھر اس کا پچھلا ہو نہیں سکتا
کہ وہ پچھلا نہیں اَگلا ہوا اس سے وَرا تم ہو
تمہیں سے فتح فرمائی تمہیں پر ختم فرمائی
رُسل کی ابتدا تم ہو نبی کی اِنتہا تم ہو
خدا نے ذات کا اپنی تمہیں مَظہَر بنایا ہے
جو حق کو دیکھنا چاہیں تو اُس کے آئینہ تم ہو
تمہیں باطن تمہیں ظاہر تمہیں اوَّل تمہیں آخر
نہاں بھی ہو عیاں بھی مبتدا و مُنْتَہا تم ہو
منوّر کردیا ہے آپ کے جلوؤں نے عالم کو
مہ و خورشید کو بخشی ضیا نورِ خدا تم ہو
مٹادی کفر کی ظلمت تمہارے رُوئے روشن نے
سویرا شرک کا تم نے کیا شمس الضحیٰ تم ہو
جہاں تاریک تھا سارا اندھیرا ہی اندھیرا تھا
تم آئے ظلمتیں تم سے مٹیں بدرُ الدُّجیٰ تم ہو
مِرا منہ کیا کہ میں مدح و ستائش میں زباں کھولوں
مِرے آقا تم ایسے ہو کہ ممدوحِ خدا تم ہو
رَفَعْنَا سے تمہاری رِفعت بالا ہوئی ظاہر
کہ محبوبانِ رب میں سب سے عالی مرتبہ تم ہو
علو رُتبۂ سرکارِ عالی سب پہ روشن ہے
مکینِ لامکاں تم ہو شہِ عرشِ عُلا تم ہو
شبِ معراج سے اے سیدِ کل ہوگیا ظاہر
رُسل ہیں مقتدی سارے اِمام الانبیا تم ہو
نہ ہوتے تم نہ ہوتے وہ کہ اصلِ جملہ تم ہی ہو
خبر تھے وہ تمہاری میرے مولیٰ مبتدا تم ہو
تمہارے چاہنے والے کو کچھ ایسی محبت ہے
ادھر ہوجائے وہ مولیٰ جدھر صدرُ الوریٰ تم ہو
تمہارے چاہنے والے اسے محبوب ہیں سارے
کچھ اس انداز کے پیارے حبیبِ کبریا تم ہو
تمہارے بعد پیدا ہو نبی کوئی نہیں ممکن
نبوت ختم ہے تم پر کہ ختم الانبیاء تم ہو
یہ کیا میں نے کیا کیوں ڈھونڈ ڈالا عرصۂ محشر
ہمیں معلوم تھا پیارے ہمارا مدعا تم ہو
مگر ایسا نہ کیوں ہوتا کہ محشر میں یہ کھلنا تھا
شفیعِ مُجرِماں پیشِ خدا تنہا شہا تم ہو
گرفتارِ بلا حاضر ہوئے ہیں ٹوٹے دل لے کر
کہ ہر بے کل کی کل ٹوٹے دلوں کا آسرا تم ہو
خبر لیجے خدارا میرے مولیٰ مجھ سے بے کس کی
کہ ہر بے کس کے کس بے بس کے بس روحی فدا تم ہو
مُسَلَّط کردیا تم کو خدا نے اپنے غیبوں پر
نبی مجتبیٰ تم ہو رسولِ مرتضیٰ تم ہو
مقطع
چمک جائے دلِ نوریؔ تمہارے پاک جلوؤں سے
مٹادو ظلمتیں دِل کی مرے نورُالہدیٰ تم ہو

Kalam Details

Bahr Bahr-e-Hazaj Musamman Salim
Radif و
Total Ashaar 26
Total Misra 52
Writer Al-Madinat-ul-Ilmiyah
Book Saman-e-Bakhshish
Category Hamd Manqabat Munajat