Hamd
Khuda Ne Is Qadar Ooncha Kiya Paya Muhammad Ka
خدا نے اس قدر اونچا کیا پایہ محمد کا
Urdu Kalam
مطلع
خدا نے اس قدر اُونچا کیا پایہ محمد کا
نہ پہچانا کسی نے آج تک رُتبہ محمد کا
بحکم حق اُترتے ہیں فرشتے خاص رحمت کے
کیا کرتے ہیں جب اَہلِ سنن چرچا محمد کا
تعجب کیا اگر انساں گزارے عمر مدحت میں
ثنا خواں ہے دوعالم میں ہر اِک ذَرَّہ محمد کا
سیہ کاروں کی کیا گنتی کہ دَرگاہِ الٰہی میں
وسیلہ ڈھونڈتے ہیں حضرتِ موسیٰ محمد کا
عدیم المثل و لاثانی ہے وہ ذاتِ مبارک یوں
بنایا ہی نہیں اللہ نے سایہ محمد کا
بڑھی جب ظلمتِ کفر و ضلالت بزمِ دنیا میں
تو روشن کر دیا اللہ نے اِکا محمد کا
کسی تیراک کو اُس کا کنارہ مل نہیں سکتا
کہ جاری بحرِ وحدت سے ہوا چشمہ محمد کا
شہنشاہِ مَدینہ بادشاہِ ہفت کشور ہے
ہوا اللہ کی ہر شے پہ ہے قبضہ محمد کا
تصدق ایسی رِفعت پر کہ برسوں قبل دنیا میں
سناتے آئے مژدہ حضرتِ عیسی محمد کا
نرالی پیاری پیاری روشنی ہے شمع باری میں
کہ ہے سارا زمانہ دِل سے پروانہ محمد کا
مَدینے کے مقدر عرش کی تقدیر پر قرباں
کہاں قسمت کہ اس دل میں ہو کاشانہ محمد کا
رَفَعْنَا کا رکھا ہے تاج سر پر حق تعالیٰ نے
پھریرا عرشِ اَعظم پر اُڑا کس کا محمد کا
نہ کیونکر مشک و عنبر مست ہوں گیسو کی خوشبو سے
کہ حق کا دَستِ قدرت ہوگیا شانہ محمد کا
اَلَمْ نَشْرَحْ لَکَ صَدْرَک سے یوں آواز آتی ہے
کشادہ کر دیا اللہ نے سینہ محمد کا
بصیرت حق نے دی ہے جن کی آنکھوں کو وہ کہتے ہیں
ہے روشن مہر و مہ سے بڑھ کے ہر ذَرَّہ محمد کا
خرابی آنکھ کی ہے گر نہ دیکھے اُن کے جلوے کو
کہ عالم میں کسی سے بھی نہیں پردہ محمد کا
بلا وَصل نبی وَصل الٰہی غیر ممکن ہے
خدا کے گھر پہنچنے کو ہے دروازہ محمد کا
گنہگاروں کی اس سے مشکلیں آسان ہوتی ہیں
نہ کیونکر سب سے بڑھ کر نام ہو پیارا محمد کا
نہیں ہے جو غلامِ مصطفیٰ بندہ ہے شیطاں کا
وہی ہے بندئہ حق جو ہوا بندہ محمد کا
مقطع
جمیلؔ قادری ایسی سنا رنگیں غزل کوئی
کہ بے خود ہو یہاں ہر ایک مستانہ محمد کا
Kalam Details
Bahr
Bahr-e-Mutaqarib Musamman Maqsoor
Radif
ا
Total Ashaar
20
Total Misra
40
Writer
Maulana Muhammad Jameel-ur-Rehman Razvi
Book
Qabala-e-Bakhshish