Manqabat
Is mubarak maa pe sadqa kyun na hon sab ahl-e-deen
اس مبارک ماں پہ صدقہ کیوں نہ ہوں سب اہلِ دیں
Urdu Kalam
مطلع
اس مبارک ماں پہ صدقہ کیوں نہ ہوں سب اہلِ دیں
جو ہو اُمّ المومنیں بنتِ امیر المومنیں
جن کا پہلو ہو نبی کی آخری آرام گاہ
جن کے حجرے میں قیامت تک نبی ہوں جاگزیں
آستاں ان کا فرشتوں کی زیارت گاہ ہے
کیونکہ اس میں جلوہ فرما ہیں امام المرسلیں
آپ کے دولت کدہ میں دولتِ دارَین ہے
اس زمیں پر پھر نہ کیوں قربان ہو عرشِ بریں
کیا مبارک نام ہے اور کیسا پیارا ہے لقب
عائشہ محبوبۂ محبوبِ رب العالمیں
آپ صدیقہ پدر صدیق اور شوہر نبی
میکہ و سسرال اَعلیٰ آپ خود ہیں بہتریں
کیوں نہ ہو رتبہ تمہارا اہل ایماں میں بڑا
سب تو ہیں مومن مگر ہیں آپ اُم المومنیں
دی گواہی آپ کی عفت کی سورہ نور نے
مدح کرتا ہے تری عصمت کی قرآنِ مبیں
ان کے بستر میں وحی آئے رسول اللہ پر
اور سلامِ خادمانہ بھی کریں رُوحُ الامیں
آپ کا علم و فقہ ، تحقیقِ قرآن و حدیث
دیکھ کر حیران ہیں سارے صحابہ ، تابعیں
ناز برداری تمہاری کیوں نہ فرماوے خدا
نازنینِ حق نبی ہیں تم نبی کی نازنیں
آیۂ تطہیر میں ہے ان کی پاکی کا بیاں
ہیں یہ بی بی طاہرہ شوہر امام الطاہریں
مقطع
سالکِؔ خستہ تمہارا گو ہے نالائق مگر
ماں بُرے بیٹے کو اپنے سے جدا کرتی نہیں
Kalam Details
Bahr
Bahr-e-Ramal Musamman Mahzoof
Radif
ں
Total Ashaar
13
Total Misra
26
Writer
Mufti Ahmad Yar Khan Naeemi
Book
Diwan-e-Salik