Hamd
Dil mera duniya pe shaida ho gaya
دل مرا دنیا پہ شیدا ہوگیا
Urdu Kalam
مطلع
دل مرا دنیا پہ شیدا ہوگیا
اے مرے اللہ یہ کیا ہو گیا
کچھ مرے بچنے کی صورت کیجئے
اب تو جو ہونا تھا مولٰی ہوگیا
عیب پوشِ خلق دامن سے تِرے
سب گنہگاروں کا پردہ ہوگیا
رکھ دیا جب اس نے پتھر پر قدم
صاف اک آئینہ پیدا ہوگیا
دور ہو مجھ سے جو اُن سے دور ہے
اس پہ میں صدقے جو ان کا ہوگیا
گرمیٔ بازار مولیٰ بڑھ چلی
نرخِ رحمت خوب سستا ہوگیا
دیکھ کر اُن کا فروغِ حسنِ پا
مہرِ ذَرَّہ چاند تارا ہوگیا
رَبِّ سَلِّم وہ اِدھر کہنے لگے
اس طرف پار اپنا بیڑا ہوگیا
ان کے جلووں میں ہیں یہ دلچسپیاں
جو وہاں پہنچا وہیں کا ہوگیا
تیرے ٹکڑوں سے پلے دونوں جہاں
سب کا اس در سے گزارا ہوگیا
اَلسَّلَام اے ساکنانِ ُکوئے دوست
ہم بھی آتے ہیں جو اِیما ہوگیا
اُن کے صدقہ میں عذابوں سے چھٹے
کام اپنا نام اُن کا ہوگیا
سر وہی جو اُن کے قدموں سے لگا
دل وہی جو اُن پہ شیدا ہوگیا
حسن یوسف پر زُلیخا مٹ گئیں
آپ پر اللہ پیارا ہو گیا
اس کو شیروں پر شرف حاصل ہوا
آپ کے دَر کا جو کتا ہوگیا
زاہدوں کی خلد پر کیا دھوم تھی
کوئی جانے گھر یہ ان کا ہوگیا
غول ان کے عاصیوں کے آئے جب
چھنٹ گئی سب بھیڑ رَستہ ہوگیا
مقطع
جا پڑا جو دشتِ طیبہ میں حسنؔ
گلشنِ جنت گھر اس کا ہوگیا
Kalam Details
Bahr
Bahr-e-Ramal Musaddas Mahzuf
Radif
ا
Total Ashaar
18
Total Misra
36
Writer
Maulana Hasan Raza Khan
Book
Zauq-e-Naat