Naat Academy Naat Academy
Get App WhatsApp
Hamd

Chaand se un ke chehre pe gesu-e-mushk faam do

چاند سے ان کے چہرے پہ گیسوئے مشک فام دو

Writer Hujjat-ul-Islam Maulana Shah Muhammad Hamid Raza Khan Qadri Razvi Noori
49592 WhatsApp
Urdu Kalam
مطلع
چاند سے ان کے چہرے پہ گیسوئے مشک فام دو
دن ہے کھلا ہوا مگر وقتِ سحر ہے شام دو
رُوئے صبیح اک سحر زُلف دوتا ہے شام دو
پھول سے گال صبح دم مہر ہیں لالہ فام دو
عارضِ نور بار سے بکھری ہوئی ہٹی جو زُلف
ایک اندھیری رات میں نکلے مَہہِ تمام دو
اُن کی جبینِ نُور پر زُلفِ سِیَہ بکھر گئی
جمع ہیں ایک و قت میں ضدیں صبح و شام دو
خیرسے دن خُدا وہ لائے دونوں حَرم ہمیں دکھائے
زمزم و بیرِ فاطِمہ کے پیئیں چل کے جام دو
ذاتِ حَسن حُسین ہے عَین شَبِیہہِ مُصطَفیٰ
ذات ہے اک نبی کی ذات ہیں یہ اُسی کے نام دو
پی کے پلا کے مَیکَشو! ہم کو بچی کھچی ہی دو
قطرہ دو قطرہ ہی سہی کچھ تو برائے نام دو
ہاتھ سے چار یار کے ہم کو ملیں گے چار جام
دستِ حَسن حُسین سے اور ملیں گے جام دو
ایک نگاہِ ناز پر سیکڑوں جامِ مَے نِثار
گردشِ چشمِ مَست سے ہم نے پئے ہیں جام دو
وَسْطِ مُسَبِّحَہ پہ سر رکھئے انگوٹھے کا اگر
نام اِلٰہ ہے لکھا ہ اور الف ہے لام دو
ہاتھ کو کان پر رکھو پا باادب سمیٹ لو
دال ہو ایک ح ہو ایک آخرِ حرف لام دو
نامِ خدا ہے ہاتھ میں ، نامِ نبی ہے ذات میں
مُہرِ غلامی ہے پڑی، لکھے ہوئے ہیں نام دو
نامِ حبیب کی ادا جاگتے سوتے ہو ادا
نامِ محمدی بنے جسم کو یہ نِظام دو
نامِ خدا مُرَقَّعہ ، نامِ خدا رُخِ حبیب
بینی الف ہے ہ دہن زُلفِ دوتا ہے لام دو
وحشی ہے ایک دل مِرا زُلفِ سیاہ فام کا
بندشِ عشق سخت تر صَید ہے ایک دام دو
تَلْووں سے اُن کے چار چاند لگ گئے مِہرو ماہ کو
ہیں یہ اُنہیں کی تابشیں ، ہیں یہ اُنہیں کے نام دو
گاہ وہ آفتاب ہیں گاہ وہ ماہتاب ہیں
جمع ہیں اُن کے گالوں میں مِہر و مَہ تمام دو
بازیٔ زِیسْت مات ہے مَوت کو بھی مَمات ہے
موت کو بھی ہے ایک د ن موت پہ اِذنِ عام دو
مقطع
اب تو مدینے لے بلا گنبدِ سبز دے دکھا
حامِدو مُصطَفیٰ تِرے ہِند میں ہیں غلام دو

Kalam Details

Bahr Bahr-e-Ramal Musamman Mahzoof
Radif و
Total Ashaar 19
Total Misra 38
Writer Hujjat-ul-Islam Maulana Shah Muhammad Hamid Raza Khan Qadri Razvi Noori
Book Bayaz-e-Pak Hujjat-ul-Islam
Category Hamd Munajat