ہیں اہل محبت نغمہ سرا سبحان اللہ سبحان اللہ
ہر سمت ہے شورِ صلی علیٰ سبحان اللہ سبحان اللہ
ضو بار ہوئے محبوب خدا سبحان اللہ سبحان اللہ
ہیں نور سے جگمگ ارض وسما سبحان اللہ سبحان اللہ
یکتائے جہاں ہیں جو بخدا ثانی ہی نہیں کوئی جن کا
وہ آج ہوئے عالم آرا سبحان اللہ سبحان اللہ
اے ختم ِ رسل اے سرورِ کل اے غایت کل ہادی سبل
ہے کعبۂ جاں دربار ترا سبحان اللہ سبحان اللہ
جو رحمت ہے سرتا بقدم ہیں جس کے سب ممنونِ کرم
وہ ابرِ کرم ہرسوبرسا سبحان اللہ سبحان اللہ
اے نازش ِ آدم جانِ کرم اے مظہر ِحق سے نورِ اتم
ہے دیدِ تری دیدارِ خدا سبحان اللہ سبحان اللہ
ہر مشکل میں کام آتے ہیں ہر بگڑی بات بناتے ہیں
کونین کے ہیں وہ عقدہ کشا سبحان اللہ سبحان اللہ
خاؔلد یہ وظیفہ ہےمیرا ضائع تو نہیں کوئی لمحہ
یا سیّدنا یا ملجا نا سبحان اللہ سبحان اللہ