top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

گلریز بنا ہے شاخِ خامہ

گلریز بنا ہے شاخِ خامہ فردوس بنا ہوا ہے نامہ

نازل ہیں وہ نور کے مضامیں یاد آتے ہیں طور کے مضامیں

سینہ ہے تجلّیوں کا مسکن ہے پیشِ نگاہ دشتِ ایمن

توحید کے لطف پا رہا ہوں وحدت کے مزے اُڑا رہا ہوں

دل ایک ہے دل کا مدعا ایک ایماں ہے مرا کہ ہے خدا ایک

وہ ایک نہیں جسے گنیں ہم وہ ایک نہیں جو دو سے ہو کم

دو ایک سے مل کے جو بنا ہو وہ ایک کسی کا کب خدا ہو

اَحْوَل ہے جو ایک کو کہے دو اندھوں سے کہو سنبھل کے دیکھو

اُس ایک نے دو جہاں بنائے اک ’کُنْ‘ سے سب انس و جاں بنائے

اوّل ہے وہی، وہی ہے آخر باطن ہے وہی، وہی ہے ظاہر

ظاہر نے عجب سماں دکھایا موجود ہے اور نظر نہ آیا

کس دل میں نہیں جمال اُس کا کس سر میں نہیں خیال اُس کا

وہ ’حبلِ ورِید‘ سے قریں ہے ہاں تاب نظر میں نہیں ہے

فرمان ہے یُؤمِنُونَ بِالْغَیْب نادیدہ وہ نورِ حق ہے لارَیْب

آنکھوں میں نظر، نظر کناں ہے آنکھیں تو کہیں، نظر کہاں ہے

سب کچھ نظر آئے اس نظر سے پر دیکھیں نظر کو کس نظر سے

جب خلق کو یہ صفت عطا ہو وہ کیا نظر آئے جو خدا ہو

جو وہم و قیاس سے قریں ہے خالق کی قسم خدا نہیں ہے

جو بھید کو اُس کے پا گئے ہیں ہستی اپنی مٹا گئے ہیں

کچھ راز اُدھر کا جس نے پایا پھر کر وہ اِدھر کبھی نہ آیا

کچھ جلوہ جسے دکھا دیا ہے صُمٌّ بُکْمٌ بنا دیا ہے

دل میں ہیں ہزاروں بحر پُر جوش ہے حکم زبان کو کہ خاموش

اک جلوہ سے طور کو جلایا بے ہوش کلیم کو بنایا

پنہاں ہیں جو سنگ میں شرارے کرتے ہیں کچھ اور ہی اِشارے

ہے شعلہ فشاں یہ عشق کامل پتھر میں کہاں سے آ گیا دل

ذات اُس کی ہے معطیِ مرادات قائم ہیں صفات پاک بالذات

باقی ہے کبھی فنا نہ ہو گا ہے جس کو فنا خدا نہ ہو گا

جیسا چاہا جسے بنایا کچھ اس سے کہے یہ کس کا پایا

مومن بھی اسی کا کھاتے ہیں رزق کافر بھی وہیں سے پاتے ہیں رزق

شب دن کو کرے تو رات کو دن جو ہم کو محال اُس کو ممکن

ایجاد وجود ہو عدم سے حادِث ہو حُدُوْث یوں قِدم سے

اللہ تبارک و تعالیٰ ہے دونوں جہان سے نرالا

قادر ہے ذوالجلال ہے وہ آپ ہی اپنی مثال ہے وہ

ہر عیب سے پاک ذات اُس کی ہر رَیب سے پاک بات اُس کی

شایاں ہے اُسی کو کبریائی بے شک ہے وہ لائق خدائی

کس وقت نہاں ہیں اُس کے جلوے ہرشے سے عیاں ہیں اُس کے جلوے

پروانہ چراغ پر مٹا کیوں بلبل ہے گل کی مبتلا کیوں

قمری ہے اسیرِ سرو آزاد یاں مہتاب سے ہے چکور دل شاد

شمع و گل و سَرو و ماہ کیا ہیں کچھ اور ہی جلوے دل رُبا ہیں

عالم میں ہے ایک دُھوم دن رات اے جلوۂ یار تیری کیا بات

گلزار میں عندلیب نالاں پروانہ ہے بزم میں پُر افشاں

ہر دل کو تیری ہی جستجو ہے ہر لب پہ تیری ہی گفتگو ہے

گفتار و تجسسِ دل و لب پیارے یہ ترے ہی کام ہیں سب

تیری ہی یہ صنعتیں عیاں ہیں ہم کس کو کہیں کہ ہم کہاں ہیں

تو نے ہی کھلائے ہیں یہ سب گل ہے تیری ہی شان کا تجمل

تو نے ہی کیے جمیل پیدا تو نے ہی کیا دلوں کو شیدا

وسائلِ بخشش

8 views

Recent Posts

See All

قلب کو اس کی رویت کی ہے آرزو

اللّٰہ ھُوْ، اللّٰہ ھُوْ، اللّٰہ ھُوْ، اللّٰہ ھُوْ قلب کو اس کی رویت کی ہے آرزو جس کا جلوہ ہے عالم میں ہر چار سو بلکہ خدنفس میں ہے وہ...

حمد ہے اس ذات کو جس نے مسلماں کر دیا

حمد ہے اس ذات کو جس نے مسلماں کردیا عشقِ سلطان جہاں سینہ میں پنہاں کردیا جلوۂ زیبانےآئینہ کو حیراں کردیا مہرومہ کو انکے تلؤوں نے پیشماں...

دل مرا گدگداتی رہی آرزو

دل مِرا گُدگُداتی رہی آرزو آنکھ پِھر پِھر کے کرتی رہی جستجو عرش تا فرش ڈھونڈ آیا میں تجھ کو، تو نکلا اَقْرَبْ زِ حَبْلِ وَرِیْدِ گُلو...

bottom of page