کون ایسا ہے جسے خیرِ وَریٰ نے نہ دیا کوئی ایسا بھی ہے کیا جس کو خدا نے نہ دیا
آپ کے دین کا منکر ہے نرا، ناشکرا کوئی کافر ہی کہے گا کہ خدا نے نہ دیا
جس کو تم نے دیا اللہ نے اس کو بخشا جس کو تم نے نہ دیا اس کو خدا نے نہ دیا
آپ کے رب نے دیا آپ کو فضل کلی وہ دیا تم کو جو اوروں کو خدا نے نہ دیا
وہ فضائل تمہیں بخشے ہیں خدا نے جن کا آپ کے غیر میں امکان بھی آنے نہ دیا
مثل ممکن ہی نہیں ہے ترا اے لاثانی وہم نے بھی تو ترا مثل سمانے نہ دیا
آپ کے جوڑ کا آئے تو کہاں سے آئے جب و جود اس کو شہ ارض و سمانے نہ دیا
آدم و نوح، ابراہیم، کلیم و عیسیٰ ان کو سب کو ملا کیا رب علا نے نہ دیا
باوجود اس کے تمہیں جو ملا ان کو نہ ملا آپ کا رتبہ کسی کو بھی خدا نے نہ دیا
سب مطالب مرے بر آئے کرم سے ان کے کوئی مطلب بھی مرے دل کا برانے نہ دیا
کیسی پر نور ہے جنت کی فضا اے نورؔی پھر بھی طیبہ کا مزا اس کی فضا نے نہ دیا
سامانِ بخشش