top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

واہ کیا مرتبہ ہوا تیرا

واہ کیا مرتبہ ہوا تیرا تو خدا کا خدا ہوا تیرا

تاج والے ہوں اِس میں یا محتاج سب نے پایا دیا ہوا تیرا

ہاتھ خالی کوئی پھرا نہ پھرے ہے خزانہ بھرا ہوا تیرا

آج سنتے ہیں سننے والے کل دیکھ لیں گے کہا ہوا تیرا

اِسے تو جانے یا خدا جانے پیش حق رُتبہ کیا ہوا تیرا

گھرہیں سب بند دَرہیں سب تیغ ایک دَر ہے کھلا ہوا تیرا

کام توہین سے ہے نجدی کو تو ہوا یا خدا ہوا تیرا

تاجداروں کا تاجدار بنا بن گیا جو گدا ہوا تیرا

اور میں کیا لکھوں خدا کی حمد حمد اُسے وہ خدا ہوا تیرا

جو ترا ہو گیا خدا کا ہوا جو خدا کا ہوا ہوا تیرا

حوصلے کیوں گھٹیں غریبوں کے ہے اِرادہ بڑھا ہوا تیرا

ذات بھی تیری انتخاب ہوئی نام بھی مصطفیٰ ہوا تیرا

جسے تو نے دیا خدا نے دیا دَین رب کا دیا ہوا تیرا

ایک عالم خدا کا طالب ہے اور طالب خدا ہوا تیرا

بزمِ اِمکاں ترے نصیب کھلے کہ وہ دُولھا بنا ہوا تیرا

میری طاعت سے میرے جرم فزوں لطف سب سے بڑھا ہوا تیرا

خوفِ وزنِ عمل کسے ہو کہ ہے دل مدد پر تُلا ہوا تیرا

کام بگڑے ہوئے بنا دینا کام کس کا ہوا ہوا تیرا

ہر اَدا دل نشیں بنی تیری ہر سخن جاں فزا ہوا تیرا

آشکارا کمالِ شانِ حضور پھر بھی جلوہ چھپا ہوا تیرا

پَردہ دَارِ اَدا ہزار حجاب پھر بھی پردہ اُٹھا ہوا تیرا

بزمِ دنیا میں بزمِ محشر میں نام کس کا ہوا ہوا تیرا

مَنْ رّاٰنِیْ فَقَدْ رَا اَلْحَقَّ حُسن یہ حق نما ہوا تیرا

بارِ عصیاں سروں سے پھینکے گا پیش حق سر جھکا ہوا تیرا

یمِ جودِ حضور پیاسا ہوں یم گھٹا سے بڑھا ہوا تیرا

وصلِ وحدت پھر اُس پہ یہ خلوت تجھ سے سایہ جدا ہوا تیرا

صنعِ خالق کے جتنے خاکے ہیں رنگ سب میں بھرا ہوا تیرا

ارضِ طیبہ قُدومِ والا سے ذرّہ ذرّہ سما ہوا تیرا

اے جناں میرے گل کے صدقے میں تختہ تختہ بسا ہوا تیرا

اے فلک مہر حق کے باڑے سے کاسہ کاسہ بھرا ہوا تیرا

اے چمن بھیک ہے تبسم کی غنچہ غنچہ کھِلا ہوا تیرا

ایسی شوکت کے تاجدار کہاں تخت تختِ خدا ہوا تیرا

اِس جلالت کے شہر یار کہاں مِلک مُلکِ خدا ہوا تیرا

اِس وجاہت کے بادشاہ کہاں حکم حکمِ خدا ہوا تیرا

خلق کہتی ہے لامکاں جس کو شہ نشیں ہے سجا ہوا تیرا

زیست وہ ہے کہ حُسنِ یار رہے دل میں عالم بسا ہوا تیرا

موت وہ ہے کہ ذکرِ دوست رہے لب پہ نقشہ جما ہوا تیرا

ہوں زمیں والے یا فلک والے سب کو صدقہ عطا ہوا تیرا

ہر گھڑی گھر سے بھیک کی تقسیم رات دن دَر کھلا ہوا تیرا

نہ کوئی دو سَرا میں تجھ سا ہے نہ کوئی دُوسرا ہوا تیرا

سوکھے گھاٹوں مرا اُتار ہو کیوں کہ ہے دریا چڑھا ہوا تیرا

سوکھے دھانوں کی بھی خبر لے لے کہ ہے بادل گھرا ہوا تیرا

مجھ سے کیا لے سکے عدو ایماں اور وہ بھی دیا ہوا تیرا

لے خبر ہم تباہ کاروں کی قافلہ ہے لٹا ہوا تیرا

مجھے وہ درد دے خدا کہ رہے ہاتھ دل پہ دَھرا ہوا تیرا

تیرے سر کو ترا خدا جانے تاجِ سر نقشِ پا ہوا تیرا

بگڑی باتوں کی فکر کر نہ حسنؔ کام سب ہے بنا ہوا تیرا

ذوقِ نعت

97 views
bottom of page