top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

نہ آسمان کو یوں سرکشیدہ ہونا تھا

نہ آسمان کو یوں سرکشیدہ ہونا تھا حضورِ خاکِ مدینہ خمیدہ ہونا تھا

اگر گُلوں کو خزاں نا رسیدہ ہونا تھا کنارِ خارِ مدینہ دمیدہ ہونا تھا

حضور اُن کے خلافِ ادب تھی بے تابی مِری اُمید تجھے آرمیدہ ہونا تھا

نظارہ خاکِ مدینہ کا اور تیری آنکھ نہ اس قدر بھی قمر شوخ دیدہ ہونا تھا

کنارِ خاکِ مدینہ میں راحتیں ملتیں دِلِ حزیں تجھے اشکِ چکیدہ ہونا تھا

پناہِ دامنِ دشتِ حرم میں چین آتا نہ صبرِِ دل کو غزالِ رمیدہ ہونا تھا

یہ کیسے کھلتا کہ ان کے سوا شفیع نہیں عبث نہ اَوروں کے آگے تپیدہ ہونا تھا

ہلال کیسے نہ بنتا کہ ماہِ کامل کو سلامِ ابروئے شہ میں خمیدہ ہونا تھا

لَاَمْلَئَنَّ جَہَنَّم تھا وعدۂ ازلی نہ منکروں کا عبث بدعقیدہ ہونا تھا

نسیم کیوں نہ شمیم ان کی طبیہ سے لاتی کہ صبحِ گُل کو گریباں دریدہ ہونا تھا

ٹپکتا رنگِ جنوں عشقِ شہ میں ہر گُل سے رگِ بہار کو نشتر رسیدہ ہونا تھا

بجا تھا عرش پہ خاکِ مزارِ پاک کو ناز کہ تجھ سا عرش نشیں آفریدہ ہونا تھا

گزرتے جان سے اِک شورِ ’’یا حبیب کے‘‘ ساتھ فغاں کو نالۂ حلقِ بریدہ ہونا تھا

مِرے کریم گنہ زہر ہے مگر آخر کوئی تو شہدِ شفاعت چشیدہ ہونا تھا

جو سنگِ در پہ جبیں سائیوں میں تھا مٹنا تو میری جان شرارِ جہیدہ ہونا تھا

تِری قبا کے نہ کیوں نیچے نیچے دامن ہوں کہ خاک ساروں سے یاں کب کشیدہ ہونا تھا

رؔضا جو دل کو بنانا تھا جلوہ گاہِ حبیب تو پیارے قیدِ خودی سے رہیدہ ہونا تھا

حدائقِ بخشش

56 views
bottom of page