نصابِ عشق و وفا سیدہ خدیجہ ہیں (منقبت درشان ام المؤمنین حضرت سیدہ خدیجۃ الکبریٰ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہا) عرض نمودہ: ڈاکٹر محمد حسین مُشاہد رضوی
نصابِ عشق و وفا سیدہ خدیجہ ہیں قرارِ شاہِ دَنا سیدہ خدیجہ ہیں
بلاشبہ ہیں خدیجہ ہی جَدّۂ سادات بِناے آلِ عبا سیدہ خدیجہ ہیں
لٹادیٖں دولتیں اسلام کی بقا کے لیے معینِ دینِ ھدیٰ سیدہ خدیجہ ہیں
درِ کرم سے کوئی بھی نہیں گیا خالی کمالِ جود و سخا سیدہ خدیجہ ہیں
خوشی ہو یا کہ ہو غم مصطفیٰ کے ساتھ رہیٖں نشانِ صبر و وِلا سیدہ خدیجہ ہیں
حرا پہ توشہ لیے ان کا دمبدم جانا کمالِ حلم و رضا سیدہ خدیجہ ہیں
نہ ہوگا شور و شغب کوشکِ خدیجہ میں مکینِ خلدِ عُلا سیدہ خدیجہ ہیں
کہ جن پہ عرش سے تسلیمِ حق ہوئی نازل پسندِ ذاتِ خدا سیدہ خدیجہ ہیں
مٹیں گے تیرے مُشاہدؔ تمام رنج و الم کہ درد و غم کی دوا سیدہ خدیجہ ہیں