منشائے رب ہیں مقصدِ یزداں ہیں مصطفیٰﷺ وجہِ وجودِ عالمِ امکاں ہیں مصطفیٰﷺ
دشمن ہو یا ہو دوست، گدا ہو کہ تاجدار سب کے لئے خلوص میں یکساں ہیں مصطفیٰﷺ
کوئی کلیمِ حق ہے، خلیلِ خدا کوئی محبوبیت ہیں سب سے نمایاں ہیں مصطفیٰﷺ
اِک اک ادا ہے آپ کی آیاتِ بیّنات جس زاوئیے سے دیکھئے قرآں ہیں مصطفیٰﷺ
جبریل جن کے سامنے مورِ ضعیف ہے صلِّ علےٰ وہ فخرِ سلیماں ہیں مصطفیٰﷺ
گردش میں جس کے گِرد ہے پر کارِ کائنات وہ ایک خاص مرکزِ دوراں ہیں مصطفیٰﷺ
اختؔر ہے شغلِ نعت عبادت مرے لئے میری کتابِ فکر کے عنواں ہیں مصطفیٰﷺ