top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

ملا جس کی نسبتوں سے

ملا جس کی نسبتوں سے یہ عروج آگہی کو

اسی در کی آرزو ہے مرے ذوقِ بندگی کو

مرا دین اور دنیا تو الگ الگ نہیں ہیں

میں سمجھ رہا ہوں سب کچھ ترے در کی حاضری کو

مرے آنسوؤں کی قیمت نہ سمجھ سکے گی دنیا

مجھے کیادیا ہے تو نے یہ بتاؤں کیوں کسی کو

وہ کریم جس کا دامن ہے عدو پہ بھی کشادہ

میں خراب ہوں تو کیا ہے مری لاج ہے اسی کو

ترا غم مسرتوں کا ہے ابد قرار ضامن

شب و روز مل رہا ہے نیا حسن زندگی کو

کوئی نامراد ہو کر ترے آستاں سے جائے

نہ ہواکبھی گوارا تری بندہ پروری کو

اے ازل ابد کے ساقی ابھی کچھ کمی ہے باقی

وہ نظر اٹھا جو بھر دے مرے زخم تشنگی کو

وہ شعور چاہتا ہوں وہ نگاہ چاہتا ہوں

تری روشنی سمجھ لے جو ہر ایک روشنی کو

وہ خدا جو نعتِ سرور سے بہت ہی خوش ہے خاؔلد

وہ نکھارتا رہے گا مرے حُسنِ شاعری کو

32 views
bottom of page