top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

مصطفیٰ خیرُ الوریٰ ہو

مصطفیٰ خیرُ الوریٰ ہو سَرورِ ہر دو سَرا ہو

اپنے اچھوں کا تَصَدُّق ہم بدوں کو بھی نباہو

کس کے پھر ہوکر رہیں ہم گر تمھیں ہم کو نہ چاہو

بَد ہنسیں تم اُن کی خاطر رات بھر رو و کراہو

بد کریں ہر دم بُرائی تم کہو اُن کا بھلا ہو

ہم وہی ناشستہ رُو ہیں تم وہی بحرِ عطا ہو

ہم وہی شایانِ رد ہیں تم وہی شانِ سخا ہو

ہم وہی بے شرم و بد ہیں تم وہی کانِ حیا ہو

ہم وہی ننگِ جفا ہیں تم وہی جانِ وفا ہو

ہم وہی قابل سزا کے تم وہی رحمِ خدا ہو

چرخ بدلے دہر بدلے تم بدلنے سے ورا ہو

اب ہمیں ہوں سہو حاشا ایسی بھولوں سے جُدا ہو

عمر بھر تو یاد رکھا وقت پر کیا بھولنا ہو

وقتِ پیدائش نہ بھولے کَیْفَ نَیْسٰی کیوں قضا ہو

یہ بھی مولیٰ عرض کر دوں بھول اگر جاؤ تو کیا ہو

وہ ہو جو تم پر گراں ہے وہ ہو جو ہر گز نہ چاہو

وہ ہو جس کا نام لیتے دشمنوں کا دل بُرا ہو

وہ ہو جس کے رد کی خاطر رات دن وقفِ دُعا ہو

مر مٹیں برباد بندے خانہ آباد آگ کا ہو

شاد ہو ابلیسِ ملعوں غم کسے اِس قہر کا ہو

تم کو ہو وَاللہ! تم کو جان و دل تم پر فدا ہو

تم کو غم سے حق بچائے غم عَدُوّ کو جاں گَزا ہو

تم سے غم کو کیا تعلّق بے کسوں کے غم زِدا ہو

حق دُرودیں تم پہ بھیجے تم مُدام اُس کو سراہو

وہ عطا دے تم عطا لو وہ وہی چاہے جو چاہو

بر تو او پاشَد تو بر ما تا ابد یہ سلسلہ ہو

کیوں رضؔا مشکل سے ڈریے جب نبی مشکل کُشا ہو

حدائقِ بخشش

34 views
bottom of page