top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

سب سے اولیٰ و اعلیٰ ہمارا نبی ﷺ

سب سے اولیٰ و اعلیٰ ہمارا نبی ﷺ سب سے بالا و والا ہمارا نبی ﷺ

اپنے مولیٰ کا پیارا ہمارا نبی ﷺ دونوں عالم کا دولھا ہمارا نبی ﷺ

بزمِ آخر کا شمع فروزاں ہوا نورِ اوّل کا جلوہ ہمارا نبی ﷺ

جس کو شایاں ہے عرشِ خُدا پر جلوس ہے وہ سلطانِ والا ہمارا نبی ﷺ

بجھ گئیں جس کے آگے سبھی مشعلیں شمع وہ لے کر آیا ہمارا نبی ﷺ

جس کے تلووں کا دھووَن ہے آبِ حیات ہے وہ جانِ مسیحا ہمارا نبی ﷺ

عرش و کرسی کی تھیں آئینہ بندیا سوئے حق جب سدھارا ہمارا نبی ﷺ

خَلق سے اولیا، اولیا سے رُسُل اور رسولوں سے اعلیٰ ہمارا نبی ﷺ

حُسن کھاتا ہے جس کے نمک کی قسم وہ ملیحِ دل آرا ہمارا نبی ﷺ

ذکر سب پھیکے جب تک نہ مذکور ہو نمکیں حُسن والا ہمارا نبی ﷺ

جس کی دو بوند ہیں کوثر و سلسبیل ہے وہ رحمت کا دریا ہمارا نبی ﷺ

جیسے سب کا خدا ایک ہے ویسے ہی اِن کا، اُن کا، تمھارا، ہمارا نبی ﷺ

قرنوں بدلی رسولوں کی ہوتی رہی چاند بدلی کا نکلا ہمارا نبی ﷺ

کون دیتا ہے دینے کو منھ چاہیے دینے والا ہے سچا ہمارا نبی ﷺ

کیا خبر کتنے تارے کھِلے چھپ گئے پر نہ ڈوبے نہ ڈوبا ہمارا نبی ﷺ

ملکِ کونین میں انبیا تاجْدار تاجْداروں کا آقا ہمارا نبی ﷺ

لا مکاں تک اجالا ہے جس کا وہ ہے ہر مکاں کا اُجالا ہمارا نبی ﷺ

سارے اچھوں میں اچھا سمجھیے جسے ہے اُس اچھے سے اچھا ہمارا نبی ﷺ

سارے اونچوں میں اونچا سمجھیے جسے ہے اُس اونچے سے اونچا ہمارا نبی ﷺ

انبیا سے کروں عرض کیوں مالکو! کیا نبی ہے تمھارا ہمارا نبی ﷺ

جس نے ٹکڑے کیے ہیں قمر کے وہ ہے نورِ وحدت کا ٹکڑا ہمارا نبی ﷺ

سب چمک والے اجلوں میں چمکا کیے اندھے شیشوں میں چمکا ہمارا نبی ﷺ

جس نے مردہ دلوں کو دی عمرِ ابد ہے وہ جانِ مسیحا ہمارا نبی ﷺ

غمزدوں کو رؔضا مژدہ دیجے کہ ہے بے کَسوں کا سہارا ہمارا نبی ﷺ

حدائقِ بخشش

54 views
bottom of page