ذکر جہاں میں ہم سب پڑکر کیوں ضائع لمحات کریں آؤ پڑھیں والشّمس کی سورت روئے نبی ﷺکی بات کریں
جن کے آنے کی برکت سے دھرتی کی تقدیر کھلی آؤ ہم سب ان چرنوں پر جان و دل سوغات کریں
نور خدا ہے نور نبی ہے نور ہے دیں اور نور کتاب ہم ایسے روشن قسمت کیوں تاریکی کی بات کریں
رحمت والے پیارے نبی ﷺ پر پڑھتے رہو دن رات درود آؤ لوگوں اپنے اوپر رحمت کی برسات کریں
کیا یہ صورت ان کو دکھانے کے لائق ہے غور کرو سامنے ان کے ہوں شرمندہ کیوں ایسے حالات کریں
قبر میں ھَاھَالَااَدْرِیْ کہنے کی رسوائی سے بچو بگڑی حالت کب بنتی ہے چاہے لاکھ ھَیْھَاتَ کریں
اہل عشق گزر جاتے ہیں دارونار کی منزل سے اہل خرد کے بس میں نہیں ہے اہل عشق کی مات کریں
رات پر ان کی زلف کے سائے دن عارض کا صدقہ لائے کیوں نہ پھر ان کے دیوانے یاد انھیں دن رات کریں
یہ لذّات کی دنیا کب تک؟ اس کی اسیری ٹھیک نہیں آؤ سمجھ سے کام لیں اخؔتر خود کو طالب ذات کریں