ذاتِ والا پہ بار بار درود بار بار اور بے شمار درود
رُوئے اَنور پہ نور بار سلام زُلفِ اطہر پہ مشکبار درود
اُس مہک پر شمیم بیز سلام اُس چمک پہ فروغ بار درود
اُن کے ہر جلوہ پر ہزار سلام اُن کے ہر لمعہ پر ہزار درود
اُن کی طلعت پر جلوہ ریز سلام اُن کی نکہت پہ عطر بار درود
جس کی خوشبو بہارِ خلد بسائے ہے وہ محبوبِ گلعذار درود
سر سے پا تک کرور بار سلام اور سراپا پہ بے شمار درود
دل کے ہمراہ ہوں سلام فدا جان کے ساتھ ہو نثار درود
چارۂ جان درد مند سلام مرھمِ سینۂ فگار درود
بے عدد اور بے عدد تسلیم بے شمار اور بے شمار درود
بیٹھتے اُٹھتے جاگتے سوتے ہو الٰہی مرا شعار درود
شہر یارِ رُسل کی نذر کروں سب درودوں کی تاجدار درود
گور بیکس کو شمع سے کیا کام ہو چراغِ سرِِ مزار درود
قبر میں خوب کام آتی ہے بیکسوں کی ہے یارِ غار درود
اُنھیں کس کے دُرود کی پروا بھیجے جب اُن کا کردگار درود
ہے کرم ہی کرم کہ سنتے ہیں آپ خوش ہو کے بار بار درود
جان نکلے تو اِس طرح نکلے تجھ پہ اے غمزدوں کے یار درود
دل میں جلوے بسے ہوئے تیرے لب سے جاری ہو بار بار درود
اے حسنؔ خارِ غم کو دل سے نکال غمزدوں کی ہے غمگسار درود
ذوقِ نعت
حسن رضا بریلوی