دونوں عالم میں محمد کا سہارا مانگو
مانگو اللہ سے اللہ کا پیارا مانگو
اُن کی نسبت ہے سلامت تو سلامت ہم بھی
اُن کی نسبت کے سوا کچھ نہ خدارا مانگو
اِس سے بڑھ کر کوئی دارَین میں نعمت ہی نہیں
اُن کے صدقے سے رکھو کام اُتارا مانگو
جِس کو سب تاجِ نبوّت کا نگیں کہتے ہیں
عرشِ عزت کا وہ تابندہ ستارا مانگو
اُن کی یاد اُن کا سہارا ہے کنارا اپنا
ناخداؤں سے نہ طوفان سے کنارا مانگو
مثلِ خورشید و قمر خود بھی منوّر ہو جاؤ
بحرِ انوار سے انوار کا دھارا مانگو
رقص کرتی ہوئی یہ روح مدینے جائے
موت سے جاں کے عوض ان کا نظارا مانگو
اِضطراب اور سِوا ہوگیا دیدار کے بعد
باریابی کے لیے اِذن دو بارا مانگو
اُن کے دَر پر بڑا اعزاز ہے منگتا ہونا
مانگنا کام تمہارا ہے تمہارا مانگو
کون ہے اُن سا سخی اور کہاں جاؤ گے
نام لیوا ہو اُنہیں کے تو گزارا مانگو
بے وسیلہ تو نہیں ہو کہ پریشاں ہو جاؤ
ہو جو زحمت میں تو رحمت کا اشارا مانگو
مانگ لی مل بھی گئی اُن کی محبّت خاؔلد
اَب خُدا سے بھی نہ کچھ اور خُدا را مانگو