top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

دشمن ہے گلے کا ہار آقا

دشمن ہے گلے کا ہار آقا لُٹتی ہے مری بہار آقا

تم دل کے لیے قرار آقا تم راحتِ جانِ زار آقا

تم عرش کے تاجدار مولیٰ تم فرش کے با وقار آقا

دامن دامن ہوائے دامن گلشن گلشن بہار آقا

بندے ہیں گنہگار بندے آقا ہیں کرم شعار آقا

اِس شان کے ہم نے کیا کسی نے دیکھے نہیں زینہار آقا

بندوں کا اَلم نے دل دُکھایا اَور ہو گئے بے قرار آقا

آرام سے سوئیں ہم کمینے جاگا کریں با وقار آقا

ایسا تو کہیں سنا نہ دیکھا بندوں کا اُٹھائیں بار آقا

جن کی کوئی بات تک نہ پوچھے اُن پر تمھیں آئے پیار آقا

پاکیزہ دلوں کی زینت ایمان ایمان کے تم سنگار آقا

صدقہ جو بٹے کہیں سلاطیں ہم بھی ہیں اُمیدوار آقا

چکرا گئی ناؤ بے کسوں کی! آنا مرے غمگسار آقا

اﷲ نے تم کو دے دیا ہے ہر چیز کا اختیار آقا

ہے خاک پہ نقشِ پا تمہارا آئینہ بے غبار آقا

عالم میں ہیں سب بنی کے ساتھی بگڑی کے تمھیں ہو یار آقا

سرکار کے تاجدار بندے سرکار ہیں تاجدار آقا

دے بھیک اگر جمالِ رنگیں جنت ہو مرا مزار آقا

آنکھوں کے کھنڈر بھی اب بسا دو دل کا تو ہوا وقار آقا

ایماں کی تاک میں ہے دشمن آؤ دمِ احتضار آقا

ہو شمعِ شبِ سیاہ بختاں تیرا رُخِ نور بار آقا

تُو رحمتِ بے حساب کو دیکھ جُرموں کا نہ لے شمار آقا

دیدار کی بھیک کب بٹے گی منگتا ہے اُمیدار آقا

بندوں کی ہنسی خوشی میں گزرے اِس غم میں ہوں اشکبار آقا

آتی ہے مدد بَلا سے پہلے کرتے نہیں انتظار آقا

سایہ میں تمہارے دونوں عالم تم سایۂ کردگار آقا

جب فوجِ اَلم کرے چڑھائی ہو اَوجِ کرم حصار آقا

ہر ملکِ خدا کے سچے مالک ہر ملک کے شہر یار آقا

مانا کہ میں ہوں ذلیل بندہ آقا تُو ہے با وقار آقا

ٹوٹے ہوئے دل کو دو سہارا اَب غم کی نہیں سہار آقا

ملتی ہے تمھیں سے داد دل کی سنتے ہو تمھیں پکار آقا

تیری عظمت وہ ہے کہ تیرا اﷲ کرے وقار آقا

اﷲ کے لاکھوں کارخانے سب کا تمھیں اختیار آقا

کیا بات تمہارے نقشِ پا کی ہے تاجِ سرِ وقار آقا

خود بھیک دو خود کہو بھلا ہو اِس دَین کے میں نثار آقا

وہ شکل ہے واہ وا تمہاری اﷲ کو آئے پیار آقا

جو مجھ سے مجھے چھپائے رکھے وہ جلوہ کر آشکار آقا

جو کہتے ہیں بے زباں تمہارے گونگوں کی سنو پکار آقا

وہ دیکھ لے کربلا میں جس نے دیکھے نہ ہو جاں نثار آقا

آرام سے شش جہت میں گزرے غم دل سے نہ ہو دو چار آقا

ہو جانِ حسنؔ نثار تجھ پر ہو جاؤں ترے نثار آقا

ذوقِ نعت

7 views
bottom of page