top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

دشتِ مدینہ کی ہے عجب پُر بہار صبح

دشتِ مدینہ کی ہے عجب پُر بہار صبح ہر ذرّہ کی چمک سے عیاں ہیں ہزار صبح

منہ دھو کے جوے شِیر میں آئے ہزار صبح شامِ حرم کی پائے نہ ہر گز بہار صبح

ﷲ اپنے جلوۂ عارض کی بھیک دے کر دے سیاہ بخت کی شب ہاے تار صبح

روشن ہے اُن کے جَلوۂ رنگیں کی تابشیں بلبل ہیں جمع ایک چمن میں ہزار صبح

رکھتی ہے شامِ طیبہ کچھ ایسی تجلیاں سو جان سے ہو جس کی اَدا پر نثار صبح

نسبت نہیں سحر کو گریبانِ پاک سے جوشِ فروغ سے ہے یہاں تار تار صبح

آتے ہیں پاسبانِ درِ شہ فلک سے روز ستر ہزار شام تو ستر ہزار صبح

اے ذرّۂ مدینہ خدارا نگاہِ مہر تڑکے سے دیکھتی ہے ترا انتظار صبح

زُلفِ حضور و عارضِ پُر نور پر نثار کیا نور بار شام ہے کیا جلوہ بار صبح

نورِ ولادت مہِ بطحا کا فیض ہے رہتی ہے جنتوں میں جو لیل و نہار صبح

ہر ذرّۂ حَرم سے نمایاں ہزار مہر ہر مہر سے طلوع کناں بے شمار صبح

گیسو کے بعد یاد ہو رُخسارِ پاک کی ہو مُشک بار شام کی کافور بار صبح

کیا نورِ دل کو نجدیِ تیرہ دروں سے کام تا حشر شام سے نہ ملے زینہار صبح

حُسنِ شباب ذرّۂ طیبہ کچھ اور ہے کیا کورِ باطن آئینہ کیا شیر خوار صبح

بس چل سکے تو شام سے پہلے سفر کرے طیبہ کی حاضری کے لیے بے قرار صبح

مایوس کیوں ہو خاک نشیں حُسنِ یار سے آخر ضیاے ذرّہ کی ہے ذمَّہ دار صبح

کیا دشتِ پاکِ طیبہ سے آئی ہے اے حسنؔ لائی جو اپنی جیب میں نقدِ بہار صبح

ذوقِ نعت

30 views
bottom of page