top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

درودوں کے سحابِ خیر سے تطہیرِ خُو کر کے

درودوں کے سحابِ خیر سے تطہیرِ خُو کر کے نمازِ نعت پڑھتا ہُوں سخن کو با وضو کر کے

اُتر آتے ہیں حرفوں میں گُلابوں کے چمن منظر مہکتی ہے شبِ مدحت تصور مُشکبو کر کے

بسا اوقات، فُرقت شوق کی انگلی پکڑتی ہے مدینہ دیکھ لیتا ہُوں سفر کی آرزو کر کے

ابھی تو کیفِ حرفِ دل دُعا تک ہی نہیں آتا وہ دستِ ناز بڑھتا ہے عطا کو چار سُو کر کے

وفورِ شوقِ بے خود دید کے رستے میں حائل ہے مواجہ پر کھڑا ہُوں چشمِ حیرت حیلہ جُو کر کے

بُلاوا آیا تھا شہرِ کرم سے بے نواؤں کو سو مَیں بھی جا رہا ہُوں عجز کو زیبِ گُلو کر کے

تمثل خود نثارِ نقشِ پائے ناز ہوتا ہے خجل ہیں چاند سورج طلعتوں کو روبرو کر کے

لبالب مِل رہے تھے جام مدحت کی عطاؤں سے لیا مَیں نے بھی حصہ کاسۂ دل کو سبو کر کے

اِسی موسم کی اِک شامِ مدینہ یاد کرتا ہُوں بہ اشکِ چشمِ فرقت شوق کو دل میں نمو کر کے

خُدا کا ذکر ہو جاتا ہے تیری نعت کہنے سے ثنا تیری کیے رکھتا ہُوں مَیں تسبیحِ ھُو کر کے

عجب مقصود منظر ہے جوارِ گنبدِ خضریٰ کبوتر جھُومتے رہتے ہیں اُن کی گفتگو کر کے

11 views
bottom of page