top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

حبیب خدا عرش پر جانے والے

حبیب خدا عرش پر جانے والے وہ اک آن میں جاکے پھرآنےوالے

خدا کو اِن آنکھوں سے دیکھ آنے والے وہ تفصیل سے سیر فرمانے والے

وہ اقصیٰ میں معراج کی شب پہنچ کر امامت نبیوں کی فرمانے والے

وہ امی ہیں ایسے کہ فضل خدا سے ہیں علم مغیبات سِکھلانے والے

انہیں کی ہے عالم میں نافذ حکومت یہی ہیں درختوں کے بلوانے والے

اشارے سے ان کے قمر کے ہوئے دو یہ ہیں دم میں سورج کو لوٹانے والے

انہیں کا لقب ہے شفیع غلاماں یہ ہیں اہل عصیاں کے بخشانے والے

رہا ان کے ماتھے شفاعت کا سہرا یہی ہیں گناہوں کے بخشانے والے

یہی تو ہیں ہر قسم کی نعمتوں کے زمانے میں تقسیم فرمانے والے

نہ کیوں کر غنی دل ہوں ان کے کہ جو ہیں حضور نبی ہاتھ پھیلانے والے

جو چاہو وہ مانگو جو مانگو وہ پاؤ نہیں ہیں یہ انکار فرمانے والے

تمنا کُجا ۔ سلطنت چھوڑتے ہیں ترے در پہ جھولی کو پھیلانے والے

نہ کیوں چمکیں کونین میں بدر ہوکر ترے نام اقدس پہ مٹ جانے والے

پہنچتے ہیں مقصود کو اپنے جلدی قدم راہ ِمولیٰ میں دوڑانے والے

اجل سرپہ ہے تیز چل سوئے طیبہ مدینےکےرستےمیں ستانےوالے

کریں آکےنظارۂ سبزگنبد جو اونچا فلک کو ہےبتلانے والے

ہمارے ہی ہیں منتظر حورو غلماں ہیں پہلے ہمیں خلد میں جانے والے

ہمیں ناز ہے دشت طیبہ پہ زاہد جو ہیں آپ جنت پہ اترانے والے

گل خلد سے بدلوں میں خار طیبہ ارے واہ شاباش للچانے والے

میں مجرم سہی پر نبی کے کرم سے نہ روکیں گے مجھ کو کہیں تھانے والے

ہے سایہ فگن سرپہ پرچم نبی کا نہیں مہر محشر سے گھبرانے والے

منادی کہے گا نہ گھبرائیں مجرم اب آتے ہیں امت کے بخشانے والے

گنہگار کیا بلکہ ہیں انبیا بھی تری ذات پر فخر فرمانے والے

جگا دے خدارا مرا بخت خفتہ غلاموں کی قسمت کو چمکانے والے

جو عالم کو کرتے ہیں روشن مہ و خور وہ ہیں تیرے ذروں سے شرمانے والے

ادھر بھی کوئی بوند گیسو کا صدقہ مرے ابر رحمت کے برسانے والے

جو اچھوں کی قسمت میں ہے جام تیرا بدوں کو بھی اک بوند پہنچانے والے

ہے جن کا وظیفہ اَغِثْنِیْ حَبِیْبِیْ یہ ہیں ان کی امداد فرمانے والے

جو دنیا میں ہیں منکر استعانت وہ ہوں گے قیامت میں پچھتانے والے

ادب دل سے لازم ہے اہل محفل حبیب خدا ہیں یہاں آنے والے

جلیں اور توصیفِ سرکار سن کر جہنم کی آتش میں جل جانے والے

سنا تا ہے قرآن مُوْ تُوْ ا کا مژدہ جلیں غیظ میں اپنے جل جانے والے

بنے گا تو بےشک جہنم کا کندہ ارے نائب حق سےپھر جانے والے

جو کہتے ہیں ان کو نہ تھا علم بالکل وہ بے شبہہ دوزخ میں ہیں جانےوالے

دعا ہے کہ احباب میں ہو یہ چرچا جمیل اب مدینے کو ہیں جانے والے

وہیں پر رہوں اور وہیں جان نکلے مدینے کے ہوں لوگ دفنانے والے

قبالۂ بخشش

23 views
bottom of page