جگمگاتی ہے زمانےکی فضا کون آیا
ہر طرف پھیلے ہیں انوار خدا کون آیا
مانگنے والے ہیں ممنون ِ عطا کون آیا
سارے دارا و سکندر ہیں گدا کون آیا
کس کے صدقے میں تجھے راحتِ کونین ملی
دل بےتاب ذرا یہ تو بتا کون آیا
کھل گئے باب ِکرم دہر کےمجبوروں پر
ہوگیا درد کے ماروں کا بھلا کون آیا
دین و ایمان بھی قربان مری جاں بھی نثار
کس کی تعظیم کوکعبہ ہے جھکا کون آیا
فرش ہم رتبہِ افلاک ہوا جاتا ہے
بزمِ کونین میں اے صلّ علی ٰ کون آیا
رحمتِ حق کی ہے برسات گنہگاروں پر
لیکے دردِ غمِ عصیاں کی درا کون آیا
وارثِ ملک ِ خدا ملک خدا کے معطی
جھولیاں بھرنے یہاں تیرے سوا کون آیا
آگیا لب پہ مرے اسم ِ محمدﷺ خاؔلد
بزمِ احساس میں جب شور اٹھا کون آیا