جس کو خدا نے واصفِ خیرالوریٰ کیا کیا کچھ عطا کیا جسے سب کچھ عطا کیا
ایمانِ مومنین ہے حُبِّ محمدیﷺ کیا کہیے اُس کو جِس نے کہ ترکِ وِلا کیا
ارواحِ مومنین ہے کامل اُسی کا نام جِس نے کہ جان و مال نبیﷺ پر فدا کیا
خلّاقِ دو جہاں نے کلامِ قدیم میں رفعت کے ساتھ ذکرِ رسولِ خداﷺ کیا
اور اس خدائے پاک نے ایمان و الوں کو حکمِ دُرودِ مصطفوی کو عطا کیا
وہ بے نصیب رہ گیا ایوائے بے نصیب جِس نے متاعِ وصلِ نبی ناروا کیا
کیا خوش نصیب ہوں گے جو دن رات ہر گھڑی اخبارِ حالِ مصطفوی کو سنا کیا
جیتے جی اقامتِ جنّت اُسے ملی جس نے وطن مدینۂ حضرت میں جا کیا
آلِ جنابِ مصطفوی پر پڑھو دُرود اُن کو خدا نے خیر و شہِ انبیا کیا
بھیجو دُرود زمرۂ اصحاب پر مدام اللہ نے ہمارا اُنھیں پیشوا کیا
کافؔی! ہزار شکر کہ ربِّ کریم نے اپنے حبیب کے مجھے در کا گدا کیا