تمہیں نے تو کیا ہم کو مسلماں یا رسول اللہ تمہیں تو ہو ہمارا دین و ایماں یا رسول اللہ
نہ بھولے اور نہ بھولو گے قیامت تک غلاموں کو نہ کیوں ہوں اہلسنت تم پہ قرباں یا رسول اللہ
فقط یہ آرز و ہے نزع میں مرقد محشر میں کہیں ہم سے نہ چھوٹے تیرا داماں یا رسول اللہ
لوار ءلحمد کے نیچے بنے مولیٰ قیامت میں مرا ہر رونگٹا تیرا ثنا خواں یا رسول اللہ
ترے حسن و ملاحت پر دو عالم کیوں نہ ہوں قرباں خدائے پاک ہے جب تیرا خواہاں یا رسول اللہ
مکان و لامکاں حورو ملک عرش و فلک کرسی تمہارے ہی لیے یہ سب ہے ساماں یارسول اللہ
تری تربت کے آگے عرش کا بھی سر خمیدہ ہے بلند افلاک سے ہے تیرا ایواں یا رسول اللہ
سلاین زمانہ آستاں پر سر رگڑتے ہیں تمہاری خاک در ہے تاج شاہاں یا رسول اللہ
کروروں نعمتوں سے بےطلب ادنی اشارے میں بھرے عالم کے تم نے جیب و داماں یارسول اللہ
مریضانِ جہاں کو تم شفا دیتے ہو دم بھرمیں خدا را درد کا ہو میرے درماں یا رسول اللہ
میں اک ادنی بھکاری آپ سلطان زمانہ ہیں سلیماں آپ میں مور سلیماں یا رسول اللہ
تمہارے نور سے حق نے کیے کون و مکاں ظاہر تمہیں ذرات عالم میں ہوتا باں یارسول اللہ
لیا تھا روز میثاق انبیا سے تعالیٰ نے تمہاری پیروی کا عہدو پیماں یا رسول اللہ
بنایا ہے خدا نے دونوں عالم کا تجھے حاکم سروں پر لیتے ہیں سب تیرا فرماں یا رسول اللہ
تو ہے بندہ خدا ئے پاک کا میں تیرا بندہ ہوں توسط سے ترے ہوں عبدرحمٰن یا رسول اللہ
خدا کے بعد افضل جاننا تم کو دو عالم سے یہی تو ہے ہمارا دین و ایماں یا رسول اللہ
ترے فضل و کرم سے دور کیا ہے گر میں بنجاؤں تری چوکھٹ کے دربانوں کا درباں یا رسول اللہ
صدائے صور سن کر آپ کا پڑھتا ہوا کلمہ میں اٹھوں قبر سے شاداںو خنداں یا رسول اللہ
غلاموں کی ہر اک مشکل میں تم امداد کرتے ہو مری بھی مشکلیں ہوجائیں آساں یا رسول اللہ
جمیل ِ قادری کی دو جہاں میں لاج رکھ لینا طفیل حضرت احمد رضا خاں یا رسول اللہ
قبالۂ بخشش