اے اشرف زمانہ
منقبت درشانِ آفتاب ولایت ، غوثِ زماں ، حضرت سید شاہ مخدوم اشرف جہانگیر سمنانی علیہ الرحمہ کچھوچھہ مقدسہ یوپی انڈیا ======
تیرا نَسَب حُسینی ، سادات ہے گھرانہ، اے اشرفِ زمانہ “حیدر” ہیں جَدّ امجد ، شاہِ اُمم ہیں نانا، اے اشرفِ زمانہ
ابدال در پہ آئیں ، اَوتاد سر جھکائیں راہِ صفا کا رہبر، ولیوں نے تم کو مانا، اے اشرفِ زمانہ
ٹھوکر میں تختِ شاہی ، تعمیرِ حق کے راہی سَیَّاحِ بزم عالَم، فطرت مجاہدانہ، اے اشرف زمانہ
علم و ہنر کا جامہ ، تقویٰ کا ہے عمامہ “لایَحزَنُوں”سے پایا، کردار غازیانہ، اے اشرفِ زمانہ
سِمناں کے شاہِ عالی ، روحانیت کے والی مسکن ترا کچھوچھہ ، پَنڈوَہ ہے پیر خانہ، اے اشرفِ زمانہ
محبوب شاہِ جیلاں، “یحییٰ” کے دل کے ارماں مخدومِ بزمِ عرفاں ، ہستی تری یگانہ، اے اشرفِ زمانہ
بھٹکے ہوؤں کی منزل ، اے ڈوبتوں کے ساحل ٹالو ہماری مشکل ، دکھ درد ہو روانہ، اے اشرفِ زمانہ
اے قبلہ گاہِ عالَم ، خلقِ خدا کے ہمدم بزم جہاں میں دائم ، چمکے یہ آستانہ، اے اشرفِ زمانہ
ہر سٗو ہے ظلم و سازش ، ہے آپ سے گزارش اعداے دیں پہ برسے ، عبرت کا تازیانہ، اے اشرفِ زمانہ
زندہ جگر عطا ہو ، خود دار سر عطا ہو اونچی نظر عطا ہو ، اور دل بہادرانہ، اے اشرفِ زمانہ
علم و عمل کے خُوگر ، صبر و رضا کے پیکر تم سے زمانہ سیکھے ، صحرا میں گل کِھلانا، اے اشرفِ زمانہ
آواز جب لگائ ، امداد ہم نے پائ شاہا تری گدائ ، عزت کا شامیانہ، اے اشرف زمانہ
ملت کے چاند تارے، شیدائ ہیں تمہارے انوار کا حرم ہے ، تیرا یہ آشیانہ، اے اشرفِ زمانہ
پیدا ہو بھائ چارہ ، اُمت میں پھر دوبارہ یکجائ کا ہو نعرہ ، مومن ہوں پھر توانا ، اے اشرفِ زمانہ
گلزارِ اشرفیت ، اس کی بہار و رَنگت دائم رہے سلامت ، یہ فیض کا خزانہ ، اے اشرفِ زمانہ
دارین کا شَرَف ہے ، عزت کا یہ شَغَف ہے لکھتا رہے فریدی اَسلاف کا ترانہ، اے اشرفِ زمانہ
=======
از فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان