اللہ اللہ رے اعجازِ کفِ پائے حضورﷺ بن گئی قبر مِری عرشِ معلّائے حضورﷺ
آپﷺ کی چشمِ کرم لطف جو فرمائے حضورﷺ مجھ کو گھر بیٹھے مدینہ نظر آجائے حضورﷺ
آج ہر موج میں ہیں بخشش و رحمت کے گُہر عاصیو! جوش پہ ہے حشر میں دریائے حضورﷺ
آپ ہیں حامد و محمود و محمّد احمدﷺ کتنے پاکیزہ ہیں اللہ رے اسمائے حضورﷺ
قابَ قَوسَین تو اکِ حد مِرے ادراک کی ہے ورنہ اس حد سے بھی آگے ہے کہیں جائے حضورﷺ
آپ سے پائی ہے معراج نے معراجِ کمال منزلِ اوج ہے ممنونِ کفِ پائے حضورﷺ
بے زرو پَر کو بھی طیبہ کی زیارت ہو جائے ہو اگر عائلِ اعجازِ تمنّائے حضورﷺ
ہر نَفَس آپ کے اِک شمعِ کرم کا پَر تَو موجزن زیست کی رَگ رَگ میں ہے دریائے حضورﷺ
نعت ہی کے لئے پائی ہے زباں اختؔر نے آپ کے گیت شب و روز نہ کیوں گائے حضورﷺ