اللہ اللہ انتہائے احترامِ مصطفیٰﷺ خاص قربِ حق تعالیٰ ہے مقامِ مصطفیٰﷺ
لے رہا ہے بھیک رب سے ہر غلامِ مصطفیٰﷺ بٹتی ہے رحمت سرِ محشر بنام مصطفیٰﷺ
بادۂ جَاؤُکْ پی کر تشنہ کامِ مصطفیٰﷺ بےخودی میں جھومتے ہیں لے کے نامِ مصطفیٰﷺ
ہے ضیائے مطلعِ والفجر صبحِ تابناک نورِ سبحٰن الَّذِی اَسْریٰ ہے شامِ مصطفیٰﷺ
دیکھ کر رنگینئ حُسن و جمالِ کائنات آگیا بے ساختہ ہونٹوں پہ نامِ مصطفیٰﷺ
ان مُکَیَّفْ مست کوثر پاش آنکھوں کے نثار ہے شرابِ مَنْ رَانیِ زیبِ جامِ مصطفیٰﷺ
صبح کی آغوش میں لیتی ہے شب انگڑائیاں یا ہے خم عارض پہ زلفِ مشکفامِ مصطفیٰﷺ
نامِ اقدس کلکِ قدرت نے لکھا ہر چیز پر یعنی ہے کونین کی ہر شَے بنامِ مصطفیٰﷺ
کیوں نہ اختؔر دو جہاں میں میرا بیڑا پار ہو میں سگِ حامد رضا خاں، ہوں غلامِ مصطفیٰﷺ