اُس کو طوفان بھی کنارا ہے
جس کا حامی کرم تمھارا ہے
حُسن کہتی ہے جس کو یہ دنیا
رُخ پُر نور کا اتارا ہے
رحمت ِ حق نے مُجھ کو گھیر لیا
جب کبھی آپ کو پکارا ہے
بھیک جس کو در نبی سے ملی
ساری دنیا کا وہ سہارا ہے
وجہِ تسکین ِ جاں، قرارِ دِل!
آپ کا نام کتنا پیارا ہے
دونوں عالم کا یارسول اللہ
آپ کی بھیک پر گزارا ہے
حسرتِ دیدِ حق ہوئی پوری
خوب سرکار کا نظارا ہے
بَن گئی بات بن گئی خاؔلد
کہ رہے ہیں وہ تو ہمارا ہے