top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

اس رخِ پاک کا جس بزم میں چرچا ہوگا

اُس رُخِ پاک کا جس بزم میں چرچا ہوگا در و دیوار سے واں نور برستا ہوگا

کیوں نہ ہو غیرتِ برگِ شجر طور زباں جب مِرے مُنھ میں تِرا وصفِ سراپا ہوگا

حَبَّذَا صاف جبیں صَلِّ عَلٰی پیشانی شعلۂ طورِ خجل دیکھ یہ ماتھا ہوگا

ماہِ نو عیدِ شفاعت کا چمک جائے گا جس طرف حشر میں ابرو کا اشارہ ہوگا

پھر تصور درِ دنداں کا بندھا آنکھوں میں پھر درِ اشک مِرا گوہرِ یکتا ہوگا

جو مدینے کے مکانوں کی کرے گا تعریف ہے یقین اُس کا مکاں جنّتِ ماوا ہوگا

ہم کو اُمّیدِ قوی ہے کہ صفِ محشر میں تیرے مدّاحوں کا اِک رتبۂ اعلیٰ ہوگا

اُس قدِ پاک کے سائے کا بند ھا ہے جو خیال اخترِ بخت عدم میں مِرا چمکا ہوگا

حُسنِ محبوبِ خدا کا ہے یہ حُسنِ اعجاز حشر تک ایک جہاں والہ و شیدا ہو

تیرا کوچہ ہے عجب گُلشنِ جاویدِ بہار خوش نصیب اُس کا کہ واں گرم تماشا ہوگا

ہم صفیر و مِرا احوال تو کہلا بھیجو کوئی زوّار مدینے کو بھی جاتا ہوگا

نا گہاں رنج و محن سے جو رہائی پائے ہے یقیں واں لبِ جاں بخش ہلاتا ہوگا

شان محبوبی سے جب آپ نکل آئیں گے روکشِ صحنِ چمن عرش کا عرصا ہوگا

جائیں گے سوئے چمن گنجِ قفس سے چھٹ کر اپنی قسمت میں کوئی اور بھی ایسا ہوگا

کون کہتا تھا شفا ہوگی نصیبِ بیمار کس کو اُمّید تھی اس درد کو اچھا ہوگا

گو نہیں مُلکِ عدم میں اثرِ شمس و قمر آپ کے سائے کا واں نور تجلی ہوگا

ہے مدینے کی زیارت کا جو کافؔی مشتاق پھر ارادہ مِرا، یا رب! کبھی پورا ہوگا

2 views
bottom of page