وہ ہادیء کُل ہے، وہ رسولِ دو سٙرا ہے مولا سے عُلُو اور کمال اُس کو مِلا ہے
معمور مِرا اُس کے کرم ہی سے ہے کاسہ ہر گام اُسی مُرسلِ داور کی عطا ہے
اللہ کا دِل دار ہے وہ والیء عالم درکار اُسی والیء عالم کی وِلا ہے
وہ اِسم کہ ہر مسئلہ اُس سے ہی ہُوا حل وہ اِسم کہ ٹُوٹے ہُوئے ہر دِل کی صدا ہے
ہے وِرد ملائک کا وہی اِسمِ مُکرّم واللہ وہی اِسم سرِ لوح لِکھا ہے
کِس طرح کرے کوئی کہو، مدحِ مُحمد سردارِ اُمم کا کِسے اِدراک ہُوا ہے
آئے گا مِری رُوح کو آرام اُسی سے ہر دُکھ کی دوا اُس کی گلی ہی کی ہٙوا ہے
دِل کو ہے لگی آس اُسی کُوئے کرم سے الحمد کہ عاصی درِ احمد کا گدا ہے
(مُحمد عارف قادری)