طالبِ حسنِ عطا دیکھ کہاں بیٹھا ہے یہ ہے دربارِ محمد تو جہاں بیٹھا ہے
مٹ گئے داغِ گنہ اشکِ ندامت کے طفیل تیز برسات ہوئی ہے تو مکاں بیٹھا ہے
اے غلامِ شہِ ابرار تجھے زیب نہیں لے کے دل میں خلشِ سود و زیاں بیٹھا ہے
بھیک لینے کو زمانہ ہے مدینے کو رواں اور تو مایوس و پریشان یہاں بیٹھا ہے
جس جگہ آتے ہیں خدمت کو ملائک کے گروہ با ادب باش کہ تو آج وہاں بیٹھا ہے
اے بہاروں کے پیمبر کوئی مژدہ مجھ کو دل میں مدت سے مرے خوفِ خزاں بیٹھا ہے
جس پہ الزام خموشی کا رکھا دنیا نے دے کے وہ مقتلِ فردا میں اذاں بیٹھا ہے
وہ سفینہ کہ جو غرقاب نہ ہوگا, اس میں شوق ساحل کا لیے پیر و جواں بیٹھا ہے
منفرد شان ہے فاضل مرے پیغمبر کی ظلمت و نور کو وہ کرکے عیاں بیٹھا ہے
فاضل میسوری