top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

1338 items found for ""

  • کعبے کے بدر الدجیٰ تم پہ کروڑوں درود

    کعبے کے بدر الدجیٰ تم پہ کروڑوں درود طیبہ کے شمس الضحیٰ تم پہ کروڑوں درود (الف) شافعِ روزِ جزا تم پہ کروڑوں درود دافعِ جملہ بلا تم پہ کروڑوں درود جان و دلِ اَصفیا تم پہ کروڑوں درود آب و گِلِ انبیا تم پہ کروڑوں درود لائیں تو یہ دوسرا دوسرا جس کو ملا کوشکِ عرش و دنیٰ تم پہ کروڑوں درود اور کوئی غیب کیا تم سے نہاں ہو بھلا جب نہ خدا ہی چھپا تم پہ کروڑوں درود طور پہ جو شمع تھا چاند تھا ساعیر کا نیّرِ فاراں ہوا تم پہ کروڑوں درود دل کرو ٹھنڈا مِرا وہ کفِ پا چاند سا سینے پہ رکھ دو ذرا تم پہ کروڑوں درود ذات ہوئی انتخاب وصف ہوئے لا جواب (ب) نام ہوا مصطفیٰ تم پہ کروڑوں درود غایت و علّت سبب بہرِ جہاں تم ہو سب تم سے بَنا تم بِنا تم پہ کروڑوں درود تم سے جہاں کی حیات تم سے جہاں کا ثبات (ت) اصل سے ہے ظل بندھا تم پہ کروڑوں درود مغز ہو تم اور پوست اور ہیں باہر کے دوست تم ہو درونِ سرا تم پہ کروڑوں درود کیا ہیں جو بے حد ہیں لوث تم تو ہو غیث اور غوث (ث) چھینٹے میں ہوگا بھلا تم پہ کروڑوں درود تم ہو حفیظ و مغیث کیا ہے وہ دشمن خبیث تم ہو تو پھر خوف کیا تم پہ کروڑوں درود وہ شبِ معراج راج وہ صفِ محشر کا تاج (ج) کوئی بھی ایسا ہوا تم پہ کروڑوں درود نُحْتَ فَلاَحَ الْفَلَاحْ رُحْتَ فَرَاحَ الْمَرَاحْ (ح) عُدْ لِیَعُوْدَ الْھَنَا تم پہ کروڑوں درود جان و جہانِ مسیح داد کہ دل ہے جریح نبضیں چھٹیں دم چلا تم پہ کروڑوں درود اُف وہ رہِ سنگلاخ آہ یہ پا شاخ شاخ (خ) اے مِرےمشکل کُشا تم پہ کروڑوں درود تم سے کُھلا بابِ جود تم سے ہے سب کا وجود (د) تم سے ہے سب کی بقا تم پہ کروڑوں درود خستہ ہوں اور تم معاذ بستہ ہوں اور تم ملاذ (ذ) آگے جو شہ کی رضا تم پہ کروڑوں درود گرچہ ہیں بے حد قصور تم ہو عفوّ و غفور! (ر) بخش دو جرم و خطا تم پہ کروڑوں درود مہرِ خُدا نور نور دل ہے سیہ دن ہے دور شب میں کرو چاندنا تم پہ کروڑوں درود تم ہو شہید و بصیر اور میں گنہ پر دلیر کھول دو چشمِ حیا تم پہ کروڑوں درود چھینٹ تمھاری سحر چھوٹ تمھاری قمر دل میں رچا دو ضیا تم پہ کروڑوں درود تم سے خدا کا ظہور اس سے تمھارا ظہور لِمْ ہے یہ وہ اِنْ ہوا تم پہ کروڑوں درود بے ہنر و بے تمیز کس کو ہوئے ہیں عزیز (ز) ایک تمھارے سوا تم پہ کروڑوں درود آس ہے کوئی نہ پاس ایک تمھاری ہے آس (س) بس ہے یہی آسرا تم پہ کروڑوں درود طارمِ اعلیٰ کا عرش جس کفِ پا کا ہے فرش (ش) آنکھوں پہ رکھ دو ذرا تم پہ کروڑوں درود کہنے کو ہیں عام و خاص ایک تمھیں ہو خلاص (ص) بند سے کر دو رہا تم پہ کروڑوں درود تم ہو شفائے مرض خلقِ خدا خود غرض (ض) خلق کی حاجت بھی کیا تم پہ کروڑوں درود آہ وہ راہِ صراط بندوں کی کتنی بساط (ط) المدد اے رہ نُما تم پہ کروڑوں درود بے ادب و بد لحاظ کر نہ سکا کچھ حفاظ (ظ) عفو پہ بھولا رہا تم پہ کروڑوں درود لو تہِ دامن کہ شمع جھونکوں میں ہے روز جمع (ع) آندھیوں سے حشر اٹھا تم پہ کروڑوں درود سینہ کہ ہے داغ داغ کہہ دو کرے باغ باغ (غ) طیبہ سے آ کر صبا تم پہ کروڑوں درود گیسو و قد لام الف کر دو بلا منصرف (ف) لا کے تہِ تیغِ لَا تم پہ کروڑوں درود تم نے برنگِ فلق جیبِ جہاں کر کے شق (ق) نور کا تڑکا کیا تم پہ کروڑوں درود نوبتِ در ہیں فلک خادمِ در ہیں مَلک (ک) تم ہو جہاں بادشا تم پہ کروڑوں درود خلق تمھاری جمیل خُلق تمھارا جلیل (ل) خَلق تمھاری گدا تم پہ کروڑوں درود طیبہ کے ماہِ تمام جملہ رُسُل کے امام (م) نوشہِ مُلکِ خدا تم پہ کروڑوں درود تم سے جہاں کا نظام تم پہ کروڑوں سلام تم پہ کروڑوں ثنا تم پہ کروڑوں درود تم ہو جواد و کریم تم ہو رؤف و رحیم بھیک ہو داتا عطا تم پہ کروڑوں درود خلق کے حاکم ہو تم رزق کے قاسم ہو تم تم سے ملا جو ملا تم پہ کروڑوں درود نافع و دافع ہو تم شافع و رافع ہو تم تم سے بس افزوں خدا تم پہ کروڑوں درود شافی و نافی ہو تم کافی و وفی ہو تم درد کو کردو دوا تم پہ کروڑوں درود جائیں نہ جب تک غلام خلد ہے سب پر حرام ملک تو ہے آپ کا تم پہ کروڑوں درود مظہرِ حق ہو تمھیں مُظہرِ حق ہو تمھیں (ن) تم میں ہے ظاہر خدا تم پہ کروڑوں درود زور دہِ نا رساں تکیہ گہِ بے کساں بادشہِ ماوَرا تم پہ کروڑوں درود برسے کرم کی بھرن پھولیں نِعَم کے چمن ایسی چلا دو ہوا تم پہ کروڑوں درود کیوں کہوں بے کس ہوں میں، کیوں کہوں بے بس ہوں میں تم ہو میں تم پر فدا تم پہ کروڑوں درود گندے نکمّے کمین مہنگے ہوں کوڑی کے تین کون ہمیں پالتا تم پہ کروڑوں درود باٹ نہ در کے کہیں گھاٹ نہ گھر کے کہیں ایسے تمھیں پالنا تم پہ کروڑوں درود ایسوں کو نعمت کھلاؤ دودھ کے شربت پلاؤ (و) ایسوں کو ایسی غذا تم پہ کروڑوں درود گرنے کو ہوں روک لو غوطہ لگے ہاتھ دو ایسوں پر ایسی عطا تم پہ کروڑوں درود اپنےخطا واروں کو اپنے ہی دامن میں لو کون کرے یہ بھلا تم پہ کروڑوں درود کر کے تمھارے گناہ مانگیں تمھاری پناہ (ہ) تم کہو دامن میں آ تم پہ کروڑوں درود کر دو عَدُو کو تباہ حاسدوں کو رُو براہ اہلِ وِلا کی بھلا تم پہ کروڑوں درود ہم نے خطا میں نہ کی تم نے عطا میں نہ کی (ی) کوئی کمی سَروَرا! تم پہ کروڑوں درود کام غضب کے کیے اس پہ ہے سرکار سے (ے) بندوں کو چشمِ رضا تم پہ کروڑوں درود آنکھ عطا کیجیے اس میں ضیا دیجیے جلوہ قریب آ گیا تم پہ کروڑوں درود کام وہ لے لیجیے تم کو جو راضی کرے ٹھیک ہو نامِ رضؔا تم پہ کروڑوں درود حدائقِ بخشش #اعلیحضرتاماماحمدرضاخان #حدائقبخشش

  • بھینی سہانی صبح میں ٹھنڈک جگر کی ہے

    بھینی سہانی صبح میں ٹھنڈک جگر کی ہے کلیاں کھلیں دلوں کی ہوا یہ کدھر کی ہے کھبتی ہوئی نظر میں ادا کس سحر کی ہے چبھتی ہوئی جگر میں صدا کس گجر کی ہے ڈالیں ہری ہری ہیں تو بالیں بھری بھری کشتِ اَمل پری ہے یہ بارش کدھر کی ہے ہم جائیں اور قدم سے لپٹ کر حرم کہے سونپا خدا کو یہ عظمت کس سفر کی ہے ہم گردِ کعبہ پھرتے تھے کل تک اور آج وہ ہم پر نثار ہے یہ ارادت کدھر کی ہے کالک جبیں کی سجدۂ در سے چھڑاؤ گے مجھ کو بھی لے چلو یہ تمنّا حجر کی ہے ڈوبا ہوا ہے شوق میں زمزم اور آنکھ سے جھالے برس رہے ہیں یہ حسرت کدھر کی ہے برسا کہ جانے والوں پہ گوہر کروں نثار ابرِ کرم سے عرض یہ میزابِ زر کی ہے آغوشِ شوق کھولے ہے جن کے لیے حطیم وہ پھر کے دیکھتے نہیں یہ دُھن کدھر کی ہے ہاں ہاں رہِ مدینہ ہے غافل ذرا تو جاگ او پاؤں رکھنے والے یہ جا چشم و سر کی ہے واروں قدم قدم پہ کہ ہر دم ہے جانِ لو یہ راہِ جاں فزا مِرے مولیٰ کے در کی ہے گھڑیاں گنی ہیں برسوں کہ یہ سُب گھڑی پھری مر مر کے پھر یہ سل مِرے سینے سے سر کی ہے اَللہُ اَکْبَر! اپنے قدم اور یہ خاکِ پاک حسرت ملائکہ کو جہاں وضعِ سر کی ہے معراج کا سماں ہے کہاں پہنچے زائرو! کرسی سے اونچی کرسی اسی پاک گھر کی ہے عشّاقِ رَوضہ سجدے میں سوئے حرم جھکے اللہ جانتا ہے کہ نیّت کدھر کی ہے یہ گھر، یہ در ہے اس کا جو گھر، در سے پاک ہے مژدہ ہو بے گھرو! کہ صلا اچھے گھر کی ہے محبوبِ ربِّ عرش ہے اس سبز قبّہ میں پہلو میں جلوہ گاہ عتیق و عمر کی ہے چھائے ملائکہ ہیں تو لگاتا رہے وُردو! بدلے ہیں پہرے بدلی میں بارش دُرَر کی ہے سعدین کا قران ہے پہلوئے ماہ میں جھرمٹ کیے ہیں تارے تجلّی قمر کی ہے ستّر ہزار صبح ہیں ستّر ہزار شام یوں بندگیِ زلف و رُخ آٹھوں پہر کی ہے جو ایک بار آئے دوبارہ نہ آئیں گے رخصت ہی بارگاہ سے بس اس قدر کی ہے تڑپا کریں بدل کے پھر آنا کہاں نصیب بے حکم کب مجال پرندے کو پر کی ہے اے وائے بے کسیِ تمنّا کہ اب امید دن کو نہ شام کی ہے نہ شب کو سحر کی ہے یہ بدلیاں نہ ہوں تو کروروں کی آس جائے اور بارگاہ مرحمتِ عام تر کی ہے معصوموں کو ہے عمر میں صرف ایک بار بار عاصی پڑے رہیں تو صلا عمر بھر کی ہے زندہ رہیں تو حاضریِ بارگہ نصیب مرجائیں تو حیاتِ ابد عیش گھر کی ہے مفلس اور ایسے در سے پھرے بے غنی ہوئے چاندی ہر اک طرح تو یہاں گدیہ گر کی ہے جاناں پہ تکیہ خاک نہالی ہے دل نہال ہاں بے نواؤ خوب یہ صورت گزر کی ہے ہیں چتر و تخت سایۂ دیوار و خاکِ در شاہوں کو کب نصیب یہ دھج کرّ و فر کی ہے اس پاک کُو میں خاک بسر سر بخاک ہیں سمجھے ہیں کچھ یہی جو حقیقت بسر کی ہے کیوں تاجْدارو! خواب میں دیکھی کبھی یہ شَے جو آج جھولیوں میں گدایانِ در کی ہے جارو کشوں میں چہرے لکھے ہیں ملوک کے وہ بھی کہاں نصیب فقط نام بھر کی ہے طیبہ میں مرکے ٹھنڈے چلے جاؤ آنکھیں بند سیدھی سڑک یہ شہر شفاعت نگر کی ہے عاصی بھی ہیں چہیتے یہ طیبہ ہے زاہدو! مکّہ نہیں کہ جانچ جہاں خیر و شر کی ہے شانِ جمالِ طیبۂ جاناں ہے نفع محض! وسعت جلالِ مکّہ میں سود و ضرر کی ہے کعبہ ہے بے شک انجمن آرا دُلھن مگر ساری بہار دلہنوں میں دولھا کے گھر کی ہے کعبہ دُلھن ہے تربتِ اطہر نئی دلھن یہ رشکِ آفتاب وہ غیرت قمر کی ہے دونوں بنیں سجیلی انیلی بنی مگر جو پی کے پاس ہے وہ سُہاگن کنور کی ہے سر سبزِ وصل یہ ہے سیہ پوشِ ہجر وہ چمکی دوپٹوں سے ہے جو حالت جگر کی ہے ما و شما تو کیا کہ خلیلِ جلیل کو کل دیکھنا کہ اُن سے تمنّا نظر کی ہے اپنا شرف دُعا سے ہے باقی رہا قبول یہ جانیں ان کے ہاتھ میں کنجی اثر کی ہے جو چا ہے ان سے مانگ کہ دونوں جہاں کی خیر زر نا خریدہ ایک کنیز اُن کے گھر کی ہے رومی غلام دن حبشی باندیاں شبیں گنتی کنیز زادوں میں شام و سحر کی ہے اتنا عجب بلندیِ جنّت پہ کس لیے دیکھا نہیں کہ بھیک یہ کس اونچے گھر کی ہے عرشِ بریں پہ کیوں نہ ہو فردوس کا دماغ اتری ہوئی شیبہ تِرے بام و در کی ہے وہ خلد جس میں اترے گی ابرار کی برات ادنیٰ نچھاور اس مِرے دولھا کے سر کی ہے عنبر زمیں، عبیر ہوا، مشکِ تر غبار! ادنیٰ سی یہ شناخت تِری رہ گزر کی ہے سرکار! ہم گنواروں میں طرزِ ادب کہاں ہم کو تو بس تمیز یہی بھیک بھر کی ہے مانگیں گے مانگے جائیں گے منھ مانگی پائیں گے سرکار میں نہ ’’لَا‘‘ ہے نہ حاجت اگر کی ہے اف بے حیائیاں کہ یہ منھ اور تِرے حضور ہاں تو کریم ہے تِری خو درگزر کی ہے تجھ سے چھپاؤں منھ تو کروں کس کےسامنے کیا اور بھی کسی سے توقّع نظر کی ہے جاؤں کہاں پکاروں کسے کس کا منھ تکوں کیا پرسشِ اور جا بھی سگِ بے ہنر کی ہے بابِ عطا تو یہ ہے جو بہکا اِدھر اُدھر کیسی خرابی اس نگھرے در بدر کی ہے آباد ایک در ہے تِرا اور تِرے سوا جو بارگاہ دیکھیے غیرت کھنڈر کی ہے لب وا ہیں، آنکھیں بند ہیں، پھیلی ہیں جھولیاں کتنے مزے کی بھیک تِرے پاک در کی ہے گھیرا اندھیریوں نے دہائی ہے چاند کی تنہا ہوں، کالی رات ہے، منزل خطر کی ہے قسمت میں لاکھ پیچ ہوں، سو بل، ہزار کج یہ ساری گتھی اِک تِری سیدھی نظر کی ہے ایسی بندھی نصیب کھلے مشکلیں کھلیں دونوں جہاں میں دھوم تمہاری کمر کی ہے جنّت نہ دیں، نہ دیں، تِری رویت ہو خیر سے اس گُل کے آگے کس کو ہوس برگ و بر کی ہے شربت نہ دیں، نہ دیں، تو کرے بات لطف سے یہ شہد ہو تو پھر کسے پَروا شکر کی ہے میں خانہ زاد کہنہ ہوں صورت لکھی ہوئی بندوں، کنیزوں میں مِرے مادر پدر کی ہے منگتا کا ہاتھ اٹھتے ہی داتا کی دین تھی دوری قبول و عرض میں بس ہاتھ بھر کی ہے سنکی وہ دیکھ بادِ شفاعت کہ دے ہوا یہ آبرو رضؔا تِرے دامانِ تر کی ہے حدائقِ بخشش #اعلیحضرتاماماحمدرضاخان #حدائقبرکات

  • شکرِ خدا کے آج گھڑی اُس سفر کی ہے

    شکرِ خدا کے آج گھڑی اُس سفر کی ہے جس پر نثار جان فلاح و ظفر کی ہے گرمی ہے تپ ہے درد ہے کلفت سفر کی ہے نا شکر! یہ تو دیکھ عزیمت کدھر کی ہے کس خاکِ پاک کی تو بنی خاکِ پا شفا تجھ کو قسم جنابِ مسیحا کے سر کی ہے آبِ حیاتِ روح ہے زرقا کی بوند بوند اکسیرِ اعظمِ مسِ دل خاکِ در کی ہے ہم کو تو اپنے سائے میں آرام ہی سے لائے حیلے بہانے والوں کو یہ راہ ڈر کی ہے لٹتے ہیں مارے جاتے ہیں یوں ہی سُنا کیے ہر بار دی وہ امن کہ غیرت حضر کی ہے وہ دیکھو جگمگاتی ہے شب اور قمر ابھی پہروں نہیں کہ بست و چہارم صفر کی ہے ماہِ مدینہ اپنی تجلّی عطا کرے! یہ ڈھلتی چاندنی تو پہر دو پہر کی ہے مَنْ زَارَ تُرْبَتِیْ وَجَبَتْ لَہ شَفَاعَتِیْ اُن پر دُرود جن سے نوید اِن بُشَر کی ہے اس کے طفیل حج بھی خدا نے کرا دیے اصلِ مُراد حاضری اس پاک در ہے کعبے کا نام تک نہ لیا طیبہ ہی کہا پوچھا تھا ہم سے جس نے کہ نہضت کدھر کی ہے کعبہ بھی ہے انھیں کی تجلّی کا ایک ظل روشن انھیں کے عکس سے پتلی حجر کی ہے ہوتے کہاں خلیل و بنا کعبہ و منیٰ لَوْلَاک والے صاحبی سب تیرے گھر کی ہے مولیٰ علی نے واری تِری نیند پر نماز اور وہ بھی عصر سب سے جو اعلیٰ خطر کی ہے صدّیق بلکہ غار میں جان اس پہ دے چکے اور حفظِ جاں تو جان فروضِ غُرَر کی ہے ہاں تو نے اِن کو جان، اُنھیں پھیر دی نماز پر وہ تو کر چکے تھے جو کرنی بشر کی ہے ثابت ہوا کہ جملہ فرائض فروع ہیں اصل الاصول بندگی اس تاجْوَر کی ہے شر خیر شور سور شرر دور نار نور! بشریٰ کہ بارگاہ یہ خیر البشر کی ہے مجرم بلائے آئے ہیں جَاءُوْک ہے گواہ پھر رد ہو کب یہ شان کریموں کے در کی ہے بد ہیں مگر انھیں کے ہیں باغی نہیں ہیں ہم نجدی نہ آئے اس کو یہ منزل خطر کی ہے تف نجدیت نہ کفر نہ اسلام سب پہ حرف کافر اِدھر کی ہے نہ اُدھر کی اَدھر کی ہے حاکم ، حکیم داد و دوا دیں یہ کچھ نہ دیں مردود یہ مُراد کس آیت، خبر کی ہے شکلِ بشر میں نورِ الٰہی اگر نہ ہو! کیا قدر اُس خمیرۂ ما و مدر کی ہے نورِ الٰہ کیا ہے محبّت حبیب کی جس دل میں یہ نہ ہو وہ جگہ خوک و خر کی ہے ذکرِ خدا جو اُن سے جُدا چاہو نجدیو! واللہ! ذکرِ حق نہیں کنجی سقر کی ہے بے اُن کے واسطے کے خدا کچھ عطا کرے حاشا غلط غلط یہ ہوس بے بصر کی ہے مقصود یہ ہیں آدم و نوح و خلیل سے تخمِ کرم میں ساری کرامت ثمر کی ہے اُن کی نبوّت ، اُن کی اُبوّت ہے سب کو عام اُمُّ البشر عروس اُنھیں کے پسر کی ہے ظاہر میں میرے پھول حقیقت میں میرے نخل اس گُل کی یاد میں یہ سدا بو البشر کی ہے پہلے ہو اُن کی یاد کہ پائے جِلا نماز یہ کہتی ہے اذان جو پچھلے پہر کی ہے دنیا مزار حشر جہاں ہیں غفور ہیں ہر منزل اپنے چاند کی منزل غفر کی ہے اُن پر دُرود جن کو حجر تک کریں سلام اُن پر سلام جن کو تحیّت شجر کی ہے اُن پر دُرود جن کو کسِ بے کساں کہیں اُن پر سلام جن کو خبر بے خبر کی ہے جنّ و بشر سلام کو حاضر ہیں اَلسَّلَام یہ بارگاہ مالکِ جنّ و بشر کی ہے شمس و قمر سلام کو حاضر ہیں اَلسَّلَام خوبی انھیں کی جوت سے شمس و قمر کی ہے سب بحر و بر سلام کو حاضر ہیں اَلسَّلَام تملیک اُنھیں کے نام تو ہر بحر و بر کی ہے سنگ و شجر سلام کو حاضر ہیں اَلسَّلَام کلمے سے تر زبان درخت و حجر کی ہے عرض و اثر سلام کو حاضر ہیں اَلسَّلَام ملجا یہ بارگاہ دُعا و اثر کی ہے شوریدہ سر سلام کو حاضر ہیں اَلسَّلَام راحت انھیں کے قدموں میں شوریدہ سر کی ہے خستہ جگر سلام کو حاضر ہیں اَلسَّلَام مرہم یہیں کی خاک تو خستہ جگر کی ہے سب خشک و تر سلام کو حاضر ہیں اَلسَّلَام یہ جلوہ گاہ مالکِ ہر خشک و تر کی ہے سب کرّ و فر سلام کو حاضر ہیں اَلسَّلَام ٹوپی یہیں تو خاک پہ ہر کرّ و فر کی ہے اہلِ نظر سلام کو حاضر ہیں اَلسَّلَام یہ گرد ہی تو سُرمہ سب اہلِ نظر کی ہے آنسو بہا کہ بہہ گئے کالے گنہ کے ڈھیر ہاتھی ڈوباؤ جھیل یہاں چشمِ تر کی ہے تیری قضا خلیفۂ احکامِ ذِی الجلال تیری رضا حلیف قضا و قدر کی ہے یہ پیاری پیاری کیاری تِرے خانہ باغ کی سرد اس کی آب و تاب سے آتش سقر کی ہے جنّت میں آکے نار میں جاتا نہیں کوئی شکرِ خدا نوید نجات و ظفر کی ہے مومن ہوں، مومنوں پہ رَءُوۡفٌ رَّحِیۡم ہو سائل ہوں، سائلوں کو خوشی لا نہر کی ہے دامن کا واسطہ مجھے اُس دھوپ سے بچا مجھ کو تو شاق جاڑوں میں اِس دوپہر کی ہے ماں، دونوں بھائی، بیٹے، بھتیجے، عزیز، دوست سب تجھ کو سونپے مِلک ہی سب تیرے گھر کی ہے جن جن مرادوں کے لیے احباب نے کہا پیشِ خبیر کیا مجھے حاجت خبر کی ہے فضلِ خدا سے غیبِ شہادت ہوا انھیں اس پر شہادت آیت و وحی و اثر کی ہے کہنا نہ کہنے والے تھے جب سے تو اطلاع مولیٰ کو قول و قائل و ہر خشک و تر کی ہے اُن پر کتاب اتری بَیَانًا لِّکُلِّ شَیْء تفصیل جس میں مَا عَبَر و مَا غَبَر کی ہے آگے رہی عطا وہ بقدرِ طلب تو کیا عادت یہاں امید سے بھی بیشتر کی ہے بے مانگے دینے والے کی نعمت میں غرق ہیں مانگے سے جو ملے کسے فہم اس قدر کی ہے اَحباب اس سے بڑھ کے تو شاید نہ پائیں عرض ناکردہ عرض عرض یہ طرزِ دگر کی ہے دنداں کا نعت خواں ہوں نہ پایاب ہوگی آب ندّی گلے گلے مِرے آبِ گُہر کی ہے دشتِ حرم میں رہنے دے صیّاد اگر تجھے مٹّی عزیز بلبلِ بے بال و پر کی ہے یا رب! رضؔا نہ احمدِ پارینہ ہو کے جائے یہ بارگاہ تیرے حبیبِ اَبَر کی ہے توفیق دے کہ آگے نہ پیدا ہو خوئے بد تبدیل کر جو خصلتِ بد پیشتر کی ہے آ کچھ سُنا دے عشق کے بولوں میں، اے رضؔا! مشتاق طبع لذّتِ سوزِ جگر کی ہے حدائقِ بخشش #اعلیحضرتاماماحمدرضاخان #حدائقبخشش

  • دشمنِ احمد پہ شدّت کیجیے

    دشمنِ احمد پہ شدّت کیجیے ملحدوں کی کیا مروّت کیجیے ذکر اُن کا چھیڑیے ہر بات میں چھیڑنا شیطاں کا عادت کیجیے مثلِ فارس زلزلے ہوں نجد میں ذکرِ آیاتِ ولادت کیجیے غیظ میں جل جائیں بے دینوں کے دل ’’یَا رَسُوْلَ اللہ‘‘ کی کثرت کیجیے کیجیے چرچا اُنھیں کا صبح و شام جانِ کافر پر قیامت کیجیے آپ درگاہِ خُدا میں ہیں وجیہ ہاں شفاعت بالوجاہت کیجیے حق تمھیں فرما چکا اپنا حبیب اب شفاعت بالمحبّت کیجیے اِذن کب کا مل چکا اب تو حضور ہم غریبوں کی شفاعت کیجیے ملحدوں کا شک نکل جائے حضور جانبِ مہ پھر اشارت کیجیے شرک ٹھہرے جس میں تعظیم ِحبیب اُس بُرے مذہب پہ لعنت کیجیے ظالمو! محبوب کا حق تھا یہی عشق کے بدلے عداوت کیجیے وَالضُّحٰی، حُجْرَاتْ، اَلَمْ نَشْرَحْ سے پھر مومنو! اتمامِ حجّت کیجیے بیٹھتے اٹھتے حضورِ پاک سے التجا و استعانت کیجیے یا رسول اللہ دُہائی آپ کی گوشمالِ اہلِ بدعت کیجیے غوثِ اعظم آپ سے فریاد ہے زندہ پھر یہ پاک ملّت کیجیے یا خدا تجھ تک ہے سب کا منتہیٰ اولیا کو حکمِ نصرت کیجیے میرے آقا حضرتِ اچھے میاں! ہو رضؔا اچھا وہ صورت کیجیے حدائقِ بخشش #اعلیحضرتاماماحمدرضاخان #حدائقبخشش

  • حرزِ جاں ذکرِ شفاعت کیجیے

    حرزِ جاں ذکرِ شفاعت کیجیے نار سے بچنے کی صورت کیجیے اُن کے نقشِ پا پہ غیرت کیجیے آنکھ سے چھپ کر زیارت کیجیے اُن کے حُسنِ با ملاحت پر نثار شیرۂ جاں کی حلاوت کیجیے اُن کے در پر جیسے ہو مٹ جائیے ناتوانو! کچھ تو ہمّت کیجیے پھیر دیجے پنجۂ دیوِ لعیں مصطفیٰ کے بل پہ طاقت کیجیے ڈوب کر یادِ لبِ شاداب میں آبِ کوثر کی سباحت کیجیے یادِ قامت کرتے اٹھیے قبر سے جانِ محشر پر قیامت کیجیے اُن کے در پر بیٹھیے بن کر فقیر بے نواؤ! فکرِ ثروت کیجیے جس کا حُسن اللہ کو بھی بھا گیا ایسے پیارے سے محبّت کیجیے حَیِّ باقی جس کی کرتا ہے ثنا مرتے دم تک اس کی مدحت کیجیے عرش پر جس کی کمانیں چڑھ گئیں صدقے اُس بازو پہ قوّت کیجیے نیم وا طیبہ کے پھولوں پر ہو آنکھ بلبلو! پاسِ نزاکت کیجیے سر سے گرتا ہے ابھی بارِ گناہ خم ذرا فرقِ ارادت کیجیے آنکھ تو اٹھتی نہیں کیا دیں جواب ہم پہ بے پُرسش ہی رحمت کیجیے عذر بد تر از گنہ کا ذکر کیا بے سبب ہم پر عنایت کیجیے نعرہ کیجے یَا رَسُوْلَ اللہ! کا مفلسو! سامانِ دولت کیجیے ہم تمھارے ہو کے کس کے پاس جائیں صدقہ شہزادوں کا، رحمت کیجیے مَنْ رَّاٰنِیْ قَدْ رَأَی الْحَقّ جو کہے کیا بیاں اس کی حقیقت کیجیے عالِمِ علمِ دو عالَم ہیں حضور آپ سے کیا عرض حاجت کیجیے آپ سلطانِ جہاں ہم بے نوا یاد ہم کو وقتِ نعمت کیجیے تجھ سے کیا کیا اے مِرے طیبہ کے چاند ظلمتِ غم کی شکایت کیجیے در بہ در کب تک پھریں خستہ خراب طیبہ میں مدفن عنایت کیجیے ہر برس وہ قافلوں کی دھوم دھام آہ سُنیے اور غفلت کیجیے پھر پلٹ کر منھ نہ اُس جانب کیا سچ ہے اور دعوائے الفت کیجیے اقربا حُبِّ وطن بے ہمتی آہ کس کس کی شکایت کیجیے اب تو آقا منھ دکھانے کا نہیں کس طرح رفعِ ندامت کیجیے اپنے ہاتھوں خود لٹا بیٹھے ہیں گھر کس پہ دعوائے بضاعت کیجیے کس سے کہیے کیا کیا کیا ہو گیا خود ہی اپنے پر ملامت کیجیے عرض کا بھی اب تو منھ پڑتا نہیں کیا علاجِ دردِ فرقت کیجیے اپنی اک میٹھی نظر کے شہد سے چارۂ زہرِ مصیبت کیجیے دے خدا ہمّت کہ یہ جانِ حزیں آپ پر واریں وہ صورت کیجیے آپ ہم سے بڑھ کے ہم پر مہرباں ہم کریں جرم آپ رحمت کیجیے جو نہ بھولا ہم غریبوں کو رضؔا یاد اس کی اپنی عادت کیجیے حدائقِ بخشش #اعلیحضرتاماماحمدرضاخان #حدائقبخشش

  • سنتے ہیں کہ محشر میں صرف اُن کی رسائی ہے

    سنتے ہیں کہ محشر میں صرف اُن کی رسائی ہے گر اُن کی رسائی ہے لو جب تو بن آئی ہے مچلا ہے کہ رحمت نے امّید بندھائی ہے کیا بات تِری مجرم کیا بات بنائی ہے سب نے صفِ محشر للکار دیا ہم کو اے بے کسوں کے آقا! اب تیری دہائی ہے یوں تو سب اُنھیں کا ہے پر دل کی اگر پوچھو یہ ٹوٹے ہوئے دل ہی خاص اُن کی کمائی ہے زائر گئے بھی کب کے دن ڈھلنےپہ ہے پیارے اٹھ میرے اکیلے چل کیا دیر لگائی ہے بازارِ عمل میں تو سودا نہ بنا اپنا سرکارِ کرم تجھ میں عیبی کی سمائی ہے گرتے ہووں کو مژدہ سجدے میں گرے مولیٰ رو رو کے شفاعت کی تمہید اٹھائی ہے اے دل یہ سلگنا کیا جلنا ہے تو جل بھی اٹھ دم گھٹنے لگا ظالم کیا دھونی رَمائی ہے مجرم کو نہ شرماؤ اَحباب کفن ڈھک دو منھ دیکھ کے کیا ہوگا پردے میں بھلائی ہے اب آپی سنبھالیں تو کام اپنے سنبھل جائیں ہم نے تو کمائی سب کھیلوں میں گنوائی ہے اے عشق تِرے صدقے جلنے سےچُھٹے سستے جو آگ بجھا دے گی وہ آگ لگائی ہے حرص و ہوسِ بد سے دل تو بھی ستم کر لے تو ہی نہیں بے گانہ دنیا ہی پرائی ہے ہم دل جلے ہیں کس کے ہَٹ فتنوں کے پرکالے کیوں پھونک دوں اِک اُف سے کیا آگ لگائی ہے طیبہ نہ سہی افضل مکّہ ہی بڑا زاہد ہم عشق کے بندے ہیں کیوں بات بڑھائی ہے مطلع میں یہ شک کیا تھا واللہ رضؔا واللہ صرف اُن کی رسائی ہے صرف اُن کی رسائی ہے حدائقِ بخشش #اعلیحضرتاماماحمدرضاخان #حدائقبخشش

  • نہ عرش ایمن نہ اِنِّیْ ذَاہِبٌ میں میہمانی ہے

    نہ عرش ایمن نہ اِنِّیْ ذَاہِبٌ میں میہمانی ہے نہ لطفِ اُدْنُ یَا اَحْمَدْ نصیبِ لَنْ تَراَنِیْ ہے نصیبِ دوستاں گر اُن کے دَر پر مَوت آنی ہے خدا یوں ہی کرے پھر تو ہمیشہ زندگانی ہے اُسی در پر تڑپتے ہیں مچلتے ہیں بلکتے ہیں اٹھا جاتا نہیں کیا خوب اپنی ناتوانی ہے ہر اِک دیوار و در پر مہر نے کی ہے جبیں سائی نگارِ مسجدِ اقدس میں کب سونے کا پانی ہے تِرے منگتا کی خاموشی شفاعت خواہ ہے اُس کی زبانِ بے زبانی ترجمانِ خستہ جانی ہے کھلے کیا رازِ محبوب و محب مستانِ غفلت پر شرابِ قَدْرَأَی الْحَقّ زیبِ جامِ مَنْ رَّاٰنِیْ ہے جہاں کی خاکروبی نے چمن آرا کیا تجھ کو صبا ہم نے بھی اُن گلیوں کی کچھ دن خاک چھانی ہے شہا کیا ذات تیری حق نما ہے فردِ امکاں میں کہ تجھ سے کوئی اوّل ہے نہ تیرا کوئی ثانی ہے کہاں اس کو شکِ جانِ جناں میں زَر کی نقّاشی اِرم کے طائرِ رنگِ پریدہ کی نشانی ہے ذِیَابٌ فِی ثِیَابٍ لب پہ کلمہ دل میں گستاخی سلام اسلام ملحد کو کہ تسلیمِ زبانی ہے یہ اکثر ساتھ اُن کے شانہ و مسواک کا رہنا بتاتا ہے کہ دل ریشوں پہ زائد مہربانی ہے اِسی سرکار سے دنیا و دیں ملتے ہیں سائل کو یہی دربارِ عالی کنزِ آمال و امانی ہے دُرودیں صورتِ ہالہ محیطِ ماہِ طیبہ ہیں برستا امّتِ عاصی پہ اب رحمت کا پانی ہے تَعَالَی اللہ استغنا تِرے در کے گداؤں کا کہ ان کو عار فرّ و شوکتِ صاحِبْ قِرانی ہے وہ سرگرمِ شفاعت ہیں عَرَق افشاں ہے پیشانی کرم کا عطر، صندل کی زمیں، رحمت کی گھانی ہے یہ سرہو اور وہ خاکِ در، وہ خاکِ در ہو اور یہ سر رضؔا وہ بھی اگر چاہیں تو اب دل میں یہ ٹھانی ہے حدائقِ بخشش #اعلیحضرتاماماحمدرضاخان #حدائقبخشش

  • نبی سَروَرِ ہر رسول و ولی ہے

    نبی سَروَرِ ہر رسول و ولی ہے نبی راز دارِ مَعَ اللہ لِیْ ہے وہ نامی کہ نامِ خُدا نام تیرا رؤف و رحیم و علیم و علی ہے ہے بے تاب جس کے لیے عرشِ اعظم وہ اس رہروِ لا مکاں کی گلی ہے نکیریں کرتے ہیں تعظیم میری فدا ہو کے تجھ پر یہ عزّت ملی ہے طلاطم ہے کشتی پہ طوفانِ غم کا یہ کیسی ہوائے مخالف چلی ہے نہ کیوں کر کہوں یَا حَبِیْبِیْ اَغِثْنِیْ اِسی نام سے ہر مصیبت ٹلی ہے صبا ہے مجھے صرصرِ دشتِ طیبہ اِسی سے کلی میرے دل کی کھلی ہے تِرے چاروں ہمدم ہیں یک جان یک دل ابو بکر، فاروق، عثماں، علی ہے خدا نے کیا تجھ کو آگاہ سب سے دو عالم میں جو کچھ خفی و جلی ہے کروں عرض کیا تجھ سے اے عالِمُ السّر کہ تجھ پر مِری حالتِ دل کھلی ہے تمنّا ہے فرمائیے روزِ محشر یہ تیری رہائی کی چٹّھی ملی ہے جو مقصد زیارت کا برآئے پھر تو نہ کچھ قصد کیجے یہ قصدِ دلی ے تِرے در کا درباں ہے جبریلِ اعظم تِرا مدح خواں ہر نبی و ولی ہے شفاعت کرے حشر میں جو رضؔا کی سوا تیرے کس کو یہ قدرت ملی ہے حدائقِ بخشش #اعلیحضرتاماماحمدرضاخان #حدائقبخشش

  • سونا جنگل رات اندھیری چھائی بدلی کالی ہے

    سونا جنگل رات اندھیری چھائی بدلی کالی ہے سونے والو جاگتے رہیو چوروں کی رکھوالی ہے آنکھ سے کاجل صاف چرالیں یاں وہ چور بلا کے ہیں تیری گھٹری تاکی ہے اور تونے نیند نکالی ہے یہ جو تجھ کو بلاتا ہے یہ ٹھگ ہے مار ہی رکھے گا ہائے مسافر دم میں نہ آنا مت کیسی متوالی ہے سونا پاس ہے سونا بن ہے سونا زہر ہے اٹھ پیارے تو کہتا ہے نیند ہے میٹھی تیری مت ہی نرالی ہے آنکھیں ملنا جھنجھلا پڑنا لاکھوں جمائی انگڑائی نام پر اٹھنے کے لڑتا ہے اٹھنا بھی کچھ گالی ہے جگنو چمکے پتّا کھڑکے مجھ تنہا کا دل دھڑ کے ڈر سمجھائے کوئی پون ہے یا اگیا بیتالی ہے بادل گرجے بجلی تڑپے دَھک سے کلیجا ہو جائے بن میں گھٹا کی بھیانک صورت کیسی کالی کالی ہے پاؤں اٹھا اور ٹھوکر کھائی کچھ سنبھلا پھر اوندھے منھ مینھ نے پھسلن کردی ہے اور دُھر تک کھائی نالی ہے ساتھی ساتھی کہہ کے پکاروں ساتھی ہو تو جواب آئے پھر جھنجھلا کر سر دے پٹکوں چل رے مولیٰ والی ہے پھر پھر کر ہر جانب دیکھوں کوئی آس نہ پاس کہیں ہاں اک ٹوٹی آس نے ہارے جی سے رفاقت پالی ہے تم تو چاند عرب کے ہو پیارے تم تو عجم کے سورج ہو دیکھو مجھ بے کس پر شب نے کیسی آفت ڈالی ہے دنیا کو تو کیا جانے یہ بِس کی گانٹھ ہے حرّافہ صورت دیکھو ظالم کی تو کیسی بھولی بھالی ہے شہد دکھائے زہر پلائے قاتل ڈائن شوہر کُش اس مُردار پہ کیا للچایا دنیا دیکھی بھالی ہے وہ تو نہایت سستا سودا بیچ رہے ہیں جنّت کا ہم مفلس کیا مول چکائیں اپنا ہاتھ ہی خالی ہے مولیٰ تیرے عفو و کرم ہوں میرے گواہ صفائی کے ورنہ رضؔا سے چور پہ تیری ڈگری تو اقبالی ہے حدائقِ بخشش #اعلیحضرتاماماحمدرضاخان #حدائقبخشش

  • گنہ گاروں کو ہاتف سے نویدِ خوش مآلی ہے

    گنہ گاروں کو ہاتف سے نویدِ خوش مآلی ہے مُبارک ہو شفاعت کے لیے احمد سا والی ہے قضا حق ہے مگر اس شوق کا اللہ والی ہے جو اُن کی راہ میں جائے وہ جان اللہ والی ہے تِرا قدِ مبارک گلبنِ رحمت کی ڈالی ہے اسے بو کر تِرے رب نے بنا رحمت کی ڈالی ہے تمھاری شرم سے شانِ جلالِ حق ٹپکتی ہے خمِ گردن ہلالِ آسمانِ ذوالجلالی ہے زہے خود گم جو گم ہونے پہ ڈھونڈے کہ کیا پایا ارے جب تک کہ پانا ہے جبھی تک ہاتھ خالی ہے میں اک محتاجِ بے وقعت گدا تیرے سگِ در کا تِری سرکار والا ہے تِرا دربار عالی ہے تِری بخشش پسندی عذر جوئی توبہ خواہی سے عمومِ بے گناہی جرم شانِ لا اُبالی ہے ابو بکر و عمر، عثمان و حیدر جس کے بلبل ہیں تِرا سروِ سہی اس گلبنِ خوبی کی ڈالی ہے رضؔا قسمت ہی کھل جائے جو گیلاں سے خطاب آئے کہ تو ادنیٰ سگِ درگاہِ خدامِ معالی ہے حدائقِ بخشش #اعلیحضرتاماماحمدرضاخان #حدائقبخشش

  • اندھیری رات ہے غم کی گھٹا عصیاں کی کالی ہے

    اندھیری رات ہے غم کی گھٹا عصیاں کی کالی ہے دلِ بے کس کا اِس آفت میں آقا تو ہی والی ہے نہ ہو مایوس آتی ہے صدا گورِ غریباں سے نبی امّت کا حامی ہے خدا بندوں کا والی ہے اترتے چاند ڈھلتی چاندنی جو ہو سکے کر لے اندھیرا پاکھ آتا ہے یہ دو دن کی اجالی ہے ارے یہ بھیڑیوں کا بن ہے اور شام آ گئی سر پر کہاں سویا مسافر ہائے کتنا لا اُبالی ہے اندھیرا گھر اکیلی جان دم گھٹتا دل اُکتاتا خدا کو یاد کر پیارے وہ ساعت آنے والی ہے زمیں تپتی کٹیلی راہ بھاری بوجھ گھائل پاؤں مصیبت جھیلنے والے تِرا اللہ والی ہے نہ چونکا دن ہے ڈھلنے پر تِری منزل ہوئی کھوٹی ارے او جانے والے نیند یہ کب کی نکالی ہے رضؔا منزل تو جیسی ہے وہ اک میں کیا سبھی کو ہے تم اس کو روتے ہو یہ تو کہو یاں ہاتھ خالی ہے حدائقِ بخشش #اعلیحضرتاماماحمدرضاخان #حدائقبخشش

  • اٹھا دو پردہ دکھا دو چہرہ کہ نورِ باری حجاب میں ہے

    اٹھا دو پردہ دکھا دو چہرہ کہ نورِ باری حجاب میں ہے زمانہ تاریک ہو رہا ہے کہ مہر کب سے نقاب میں ہے نہیں وہ میٹھی نگاہ والا خدا کی رحمت ہے جلوہ فرما غضب سے اُن کے خدا بچائے جلالِ باری عتاب میں ہے جلی جلی بو سے اُس کی پیدا ہے سوزشِ عشقِ چشمِ والا کبابِ آہو میں بھی نہ پایا مزہ جو دل کے کباب میں ہے اُنھیں کی بو مایۂ سمن ہے اُنھیں کا جلوہ چمن چمن ہے اُنھیں سے گلشن مہک رہے ہیں اُنھیں کی رنگت گلاب میں ہے تِری جلو میں ہے ماہِ طیبہ ہلال ہر مرگ و زندگی کا! حیات جاں کا رکاب میں ہے ممات اَعدا کا ڈاب میں ہے سیہ لباسانِ دارِ دنیا و سبز پوشانِ عرشِ اعلیٰ ہر اک ہے اُن کے کرم کا پیاسا یہ فیض اُن کی جناب میں ہے وہ گُل ہیں لب ہائے نازک ان کے ہزاروں جھڑتے ہیں پھول جن سے گلاب گلشن میں دیکھے بلبل یہ دیکھ گلشن گلاب میں ہے جلی ہے سوزِ جگر سے جاں تک ہے طالبِ جلوۂ مُبارک دکھا دو وہ لب کہ آبِ حیواں کا لطف جن کے خطاب میں ہے کھڑے ہیں منکر نکیر سر پر نہ کوئی حامی نہ کوئی یاور! بتا دو آ کر مِرے پیمبر کہ سخت مشکل جواب میں ہے خدائے قہار ہے غضب پر کھلے ہیں بدکاریوں کے دفتر بچا لو آ کر شفیعِ محشر تمھارا بندہ عذاب میں ہے کریم ایسا ملا کہ جس کے کھلے ہیں ہاتھ اور بھرے خزانے بتاؤ اے مفلسو! کہ پھر کیوں تمھارا دل اضطراب میں ہے گنہ کی تاریکیاں یہ چھائیں امنڈ کے کالی گھٹائیں آئیں خدا کے خورشید مہر فرما کہ ذرّہ بس اضطراب میں ہے کریم! اپنے کرم کا صدقہ لئیمِ بے قدر کو نہ شرما تو اور رضؔا سے حساب لینا رضؔا بھی کوئی حساب میں ہے حدائقِ بخشش #اعلیحضرتاماماحمدرضاخان #حدائقبخشش

bottom of page