نعت اکیڈمی
Logo
اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلاَمُ عَلَیْکَ یَا رَسُوْلَ اللّٰہ وَعَلٰی اٰلِکَ وَ اَصْحٰبِکَ یَا حَبِیْبَ اللّٰہ

بہتری جس پر کرے فخر وہ بہتر صدیق

بہتری جس پر کرے فخر وہ بہتر صدیق

بہتری جس پر  کرے فخر وہ بہتر صدیق

سروری جس پہ کرے ناز وہ سرور صدیق

چمنستانِ نبوت کی بہارِ اوّل

گلشنِ دیں کے بنے پبلے گلِ تر صدیق

بے گماں شمعِ نبوت کے ہیں آئینہ چار

یعنی عثمان و عمر حیدر و اکبر صدیق

سارے اصحابِ نبی تارے ہیں امّت کے لئے

ان ستاروں میں بنے مہر منوّر صدیق

ثانی اثنین ہیں بو بکر خدا میرا گواہ

حق مقدم کرے پھر کیوں ہو مؤخّر صدیق

زیست میں موت میں اور قبر میں ثانی ہی رہے

ثانی اثنین کے اس طرح ہیں مظہر صدیق

وَالَّذِیْنَ مَعَہُ کے ہیں یہ فرد کامل

حشر تک پائے نبی پر ہیں دھرے سر صدیق

ان کے مدّاح نبی ان کا ثنا گو اللہ

حق ابو الفضل کہے اور پیمبر صدیق

بال بچوں کیلئے گھر میں خدا کو چھوڑیں

مصطفیٰ پر کریں گھربار نچھاور صدیق

ایک گھر بار تو کیا غار میں جان بھی دے دیں

سانپ ڈستا رہے لیکن نہ ہوں مضطر صدیق

کہیں گِرتوں کو سنبھالیں کہیں روٹھوں کو منائیں

کھودیں الحاد کی جڑ  بعد پیمبر صدیق

علم میں زہد میں بے شبہ تو سب سے بڑھ کر

کہ امامت سے تری کھل گئے جوہر صدیق

اس امامت سے کھلا تم ہو امام اکبر

تھی یہی رمز نبی کہتے ہیں حیدر صدیق

توہے  آزاد سقر سے ترے بندے آزاد

ہے یہ سالکؔ بھی ترا بندہ بے زر صدیق