top of page

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

وہ سوئے لالہ زار پھرتے ہیں

وہ سوئے لالہ زار پھرتے ہیں تیرے دن اے بہار پھرتے ہیں

جو تِرے در سے یار پھرتے ہیں در بہ در یوں ہی خوار پھرتے ہیں

آہ کل عیش تو کیے ہم نے آج وہ بے قرار پھرتے ہیں

ان کے ایما سے دونوں باگوں پر خیلِ لیل و نہار پھرتے ہیں

ہر چراغِ مزار پر قدسی کیسے پروانہ وار پھرتے ہیں

اُس گلی کا گدا ہوں میں جس میں مانگتے تاج دار پھرتے ہیں

جان ہیں جان کیا نظر آئے کیوں عدو گردِ غار پھرتے ہیں

لاکھوں قدسی ہیں کامِ خدمت پر لاکھوں گردِ مزار پھرتے ہیں

وردیاں بولتے ہیں ہرکارے پہرہ دیتے سوار پھرتے ہیں

رکھیے جیسے ہیں خانہ زاد ہیں ہم مول کے عیب دار پھرتے ہیں

ہائے غافل وہ کیا جگہ ہے جہاں پانچ جاتے ہیں چار پھرتے ہیں

بائیں رستے نہ جا مسافر سن مال ہے راہ مار پھرتے ہیں

جاگ سنسان بَن ہے رات آئی گرگ بہرِ شکار پھرتے ہیں

نفس یہ کوئی چال ہے ظالم جیسے خاصے بِجار پھرتے ہیں

کوئی کیوں پوچھے تیری بات رؔضا تجھ سے کتّے ہزار پھرتے ہیں

(حدائقِ بخشش)

81 views
bottom of page