Skip to main content
Lyricsمنقبت

ہے درسِ وفا پیہم عنوان خدیجہ کا جاری- ہے زمانوں میں فیضان خدیجہ کا

By May 16, 2019No Comments

ہے درسِ وفا پیہم عنوان خدیجہ کا
جاری ہے زمانوں میں فیضان خدیجہ کا

مخصوص ہیں واصف بھی مخدومۂ عالم کے
سب کو ہے میسر کب عرفان خدیجہ کا

توفیق خدا گر دے، مداحئ رحمت کی
تا عمر رہے واصف، انسان خدیجہ کا

اسلام کے سائے میں لوگو جو سلامت ہو
اسلام چڑھایا ھے پروان خدیجہ کا

واللہ دو عالم کے مخزن کی محافظ ہیں
سرکار خدیجہ کے ، قرآن خدیجہ کا

کون انکے مماثل ہے؟ طبقات دوعالم میں
مرسل بھی خدیجہ کے، رحمٰن خدیجہ کا

ہے نسلِ محمد کا ہر فرد خدیجہ سے
صدیوں سے جو جاری ہے فیضان خدیجہ کا

مینارۂ کربل کی بنیاد خدیجہ ہیں
احسان ذرا مسلم ، پہچان خدیجہ کا

حق ہم سے عدیم ان کی مدحت کا ادا کیا ہو
“مانا ہے پیمبر نے احسان خدیجہ کا “

عباس عدیم قریشی