Skip to main content
نعت

میرے سرکارﷺ مدینے میں بلاتے رہنا

By January 1, 2022September 9th, 2022No Comments

جامِ کوثر

میرے سرکارﷺ مدینے میں بلاتے رہنا
غمِ دنیا غمِ عقبیٰ سے بچاتے رہنا

کوئی مشکل نہیں ایسی جو نہ ٹالی تم نے
میرے داتاﷺ میری بگڑی کو بناتے رہنا

حشر کی پیاس مجھے جبکہ پریشاں کر دے
جام کوثر کا مجھے آپﷺ پلاتے رہنا

کاش جلوہ مرے آقاﷺ جو دکھائیں مجھ کو
میں تو کہہ دوں گا اسے آپﷺ دکھاتے رہنا

کوئی نیکی نہیں دامن میں مرے یا مدنیﷺ
مجھ سیہ کار کو سرکارﷺ نبھاتے رہنا

ہے مصائب میں گھِری آپ کی امت آقاﷺ
ظلمِ ظالم سے اسے آپﷺ بچاتے رہنا

آج پھر سے مجھے طیبہ کا بنایا زائر
میری قسمت کو اسی طرح جگاتے رہنا

در پہ سرکارﷺ کے حاضر ہے غلامِ عجمی
لاج اس کی میرے مختارﷺ بچاتے رہنا

آج طیبہ سے چلا ہوں میں وطن کی جانب
اپنے در پر میرے مختارﷺ بلاتے رہنا

وحشتِ قبر سے گھبرائے جو شاکرؔ آقاﷺ
تھپکیاں دے کے اسے آپﷺ سلاتے رہنا

کلام:
مولانا محمد شاکر علی رضوی نوری