Skip to main content
نعت

سرکارِﷺ دو عالم کی نظر مجھ پہ پڑی ہے

By January 1, 2022September 9th, 2022No Comments

سرکارِﷺ دو عالم کی نظر مجھ پہ پڑی ہے
پہنچا ہوں وہاں خلدِ بریں کی جو گلی ہے

آیا جو مدینے میں تو قسمت نے پکارا
بگڑی ہوئی تقدیر یہاں آکے بنی ہے

قدموں کو ذرا ہوش سے اس خاک پہ رکھنا
یہ کوئے نبیﷺ ہے ارے یہ کوئے نبیﷺ ہے

محشر کی کڑی دھوپ کا کھٹکا نہیں مجھ کو
چادر مِرے سرکارﷺ کے گیسو کی تنی ہے

لِلّٰہ مجھے اپنا رخِ زیبا دکھا دو
پلکوں میں مِری دید کی خاطر یہ نمی ہے

آقاﷺ کے درِ پاک کے منگتے ہیں ملائک
مایوس نہیں کوئی یہ دربارِ نبیﷺ ہے

دے ڈالئے مجھ کو بھی غلامی کی سند اب
بخشش کو مِرے شاہ یہ خیرات بڑی ہے

شب روتے ہوئے سجدہ میں سرکارﷺ گزاریں
امت کی ہو بخشش یہی ارمانِ نبیﷺ ہے

اللہ کو محبوبﷺ سے کتنی ہے محبت
ہاں *طٰہٰ* و *یٰسٓ* میں اسرارِ جلی ہے

بلواتے رہیں مجھ کو مدینے میں ہمیشہ
امید مِری آپ سے سرکارﷺ یہی ہے

عالم میں مسلمان پریشاں ہیں پریشاں
بے چین نظر آپ کے در پہ ہی جمی ہے

مانگے ہی چلے جاؤ یہاں ملتا ہے سب کچھ
کس چیز کی در پر میرے مولیٰ کے کمی ہے

شاکرؔ نہ ہو غمگیں تِری جھولی وہ بھریں گے
منہ مانگی ملے گی کہ یہ دربارِ نبیﷺ ہے

کلام:
مولانا محمد شاکر علی رضوی نوری