Skip to main content
نعت

جنہیں خلق کہتی ہے مصطفیﷺ میرا دل انہیں پہ نثار ہے

By September 8, 2021No Comments

جنہیں خلق کہتی ہے مصطفیﷺ میرا دل انہیں پہ نثار ہے
میرے قلب میں ہیں وہ جلوہ گرکہ مدینہ جن کا دیار ہے

ہے جہاں میں جن کی چمک دمک ہے چمن میں جن کی چہل پہل
وہ ہی اک مدینہ کے چاند ہیں سب انہیں کے دم کی بہار ہے

وہ  جھلک دکھا کے چلے گئے میرے دل کا چین بھی لے گئے
میری روح ساتھ نہ کیوں گئ مجھے اب تو زندگی بار ہے

وہی موت ہے وہی زندگی جو  خدا نصیب کرے مجھے
کہ مَرے تو انہی کے نام پر جو جئیے تو ان پہ نثار ہے

وہ ہے آنکھ جس کے یہ نور ہیں وہ ہے دل جس کے یہ سرور ہیں
وہ ہی تن ہے جس کی یہ روح ہیں وہ ہے جاں جو اُن پہ نثار ہے

جو کرم سے اپنے شہِ اممﷺ رکھیں مجھ غریب کے گھر قدم
مرے شاہ کی نہ ہو شان کم کہ گدا پر ان کا پیار ہے

ولے اس غریب کا خم کدہ بنے رشکِ خلدِ بریں شہا
کرے ناز اپنے نصیب پر بنے شاہ وہ جو گنوار ہے !

دمِ نزع سالکؔ بے نوا کو دکھانا شکلِ خدا نما
کہ قدم پر آپ کے نکلے دم بس اسی پہ دار مدار ہے

Leave a Reply