Skip to main content
نعت

تمﷺ پہ قربان بلانے والے

By January 1, 2022September 9th, 2022No Comments

تمﷺ پہ قربان بلانے والے
بختِ خفتہ کو جگانے والے

نارِ دوزخ کا نہیں خوف مجھے
وہﷺ سلامت ہیں بچانے والے

کوئی پوچھے یا نہ پوچھے مجھ کو
شاہِ طیبہﷺ ہیں نبھانے والے

گرمیِ حشر سے گھبرائیں کیوں
وہﷺ ہیں دامن میں چھپانے والے

تیرےﷺ صدقے میں مِری بات بنی
کھوٹے سِکے کے چلانے والے

کیف جنت کا ملا در پہ تِیرےﷺ
کیاری جنت کی دِکھانے والے

دے کے لینا نہیں عادت تیریﷺ
مجھ کو جنت میں بٹھانے والے

ہے مریضوں کی شفا نعتِ نبیﷺ
وہ ہیں بُردہ کے اُڑھانے والے

شربتِ دید پلا دو آقاﷺ
جام کوثر کا پلانے والے

علمِ نافع کی ملے بھیک مجھے
رب کی نعمت کے لٹانے والے

ہو گئی قبر مُنَوَّر میری
رُخِ اَنور کے دکھانے والے

ہو گئی پھر سے مَیَسّر چوکھٹ
مجھ کو قدموں میں بٹھانے والے

بن گئے میرے یہاں بگڑے کام
تم ہو روتوں کو ہنسانے والے

کفر کافر سے چھٹا ملک حجاز
شمع توحید جلانے والے

پھر چلا ہوں میں وطن کی جانب
جلد بلوانا بلانے والے

شاکرِؔ رضوی پہ ہے خاص کرم
کہتے ہیں اب تو زمانے والے

کلام:
مولانا محمد شاکر علی رضوی نوری