Skip to main content
نعت

اللہ اللہ رے اعجازِ کفِ پائے حضورﷺ

By August 22, 2021No Comments

اللہ اللہ رے اعجازِ کفِ پائے حضورﷺ
بن گئی قبر مِری عرشِ معلّائے حضورﷺ


آپﷺ کی چشمِ کرم لطف جو فرمائے حضورﷺ
مجھ کو گھر بیٹھے مدینہ نظر آجائے حضورﷺ


آج ہر موج میں ہیں بخشش و رحمت کے گُہر
عاصیو! جوش پہ ہے حشر میں دریائے حضورﷺ


آپ ہیں حامد و محمود و محمّد احمدﷺ
کتنے پاکیزہ ہیں اللہ رے اسمائے حضورﷺ


قابَ قَوسَین تو اکِ حد مِرے ادراک کی ہے
ورنہ اس حد سے بھی آگے ہے کہیں جائے حضورﷺ


آپ سے پائی ہے معراج نے معراجِ کمال
منزلِ اوج ہے ممنونِ کفِ پائے حضورﷺ


بے زرو پَر کو بھی طیبہ کی زیارت ہو جائے
ہو اگر عائلِ اعجازِ تمنّائے حضورﷺ


ہر نَفَس آپ کے اِک شمعِ کرم کا پَر تَو
موجزن زیست کی رَگ رَگ میں ہے دریائے حضورﷺ


نعت ہی کے لئے پائی ہے زباں اختؔر نے
آپ کے گیت شب و روز نہ کیوں گائے حضورﷺ

Was this article helpful?
YesNo