Skip to main content
نعت

در پاکِ مصطفیٰﷺ پر اگر ہم بھی آتے جاتے ﷺ

By August 21, 2021No Comments

در پاکِ مصطفیٰﷺ پر اگر ہم بھی آتے جاتے
تجھے کیا بتائیں اے دل جو تجھے وہاں دکھاتے


تیری رحمتوں کے جھونکے جو انھیں نہ گدگداتے
نہ یہ پھول مسکراتے نہ چمن ہی کھلکھلاتے


نہیں بے سبب فلک پر یہ چراغ ٹمٹماتے
تری خاک رہگزر سے ہیں مگر نظر چراتے


بخدا کہ طور کاسا کبھی ہم بھی لطف اٹھاتے
جو تمھارے روئے زیبا کسی طور دیکھا پاتے


وہ چلی نسیم رحمت وہ بڑھے شفیع محشرﷺ
وہ لپٹ رہے ہیں دیکھو میری معصیت کے کھاتے


دل بے قرار کو پھر حرمِ نبیﷺکی دھن ہے
چلو زائرو مدینے بہ ادب قدم بڑھاتے


یہ سراغِ معرفت ہے یہی رازِ بندگی ہے
کہ یہ آستاں نہ ہوتا تو جبیں کہاں جھکاتے


یہ مری خودی نے مجھکو کیا پائمال ورنہ
کہیں ان کے آستاں سے بھلا ہم بھی اٹھاتے


تو خلیؔل چیز کیا تھا تجھے کون پوچھتا تھا
ترے مرشدِ گرامی جو نہ حوصلے بڑھاتے

Was this article helpful?
YesNo